2 فروری 2016
وقت اشاعت: 2:7
لاس ویگاس میں مسجد کی بے حرمتی:ملزمان کی تلاش شروع
جیو نیوز - واشنگٹن........ امریکا کے وفاقی تحقیقاتی ادارے نے کہا ہے کہ لاس ویگاس میں مسجد کی بے حرمتی کرنے والے شخص کی گرفتاری میں مدد اور معلومات فراہم کرنے والے کو5 ہزار ڈالر تک کا انعام دیا جائے گا ۔
امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اپنے ایک بیان میں ایف بی آئی نے کہا کہ وہ لاس ویگاس پولیس کے ساتھ مل کر مسجد توحید میں ہونے والے اس واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں جسے نفرت انگیز جرم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
حکام ایک عینک پہنے سیاہ بالوں والے ایک سفید فام شخص کو تلاش کر رہے ہیں جسے نگرانی کرنے والے کیمرے میں 27 دسمبر کی صبح مسجد کے دروازے پر سور کا گوشت رکھتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ایف بی آئی کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں کسی چیز کو نقصان نہیں پہنچا اور نہ کوئی زخمی ہوا ہے۔