9 فروری 2016
وقت اشاعت: 20:25
سعودی اقدام سے خطہ عد م استحکام کا شکار ہوسکتا ہے،ایران
جیو نیوز - تہران.........ایران نے سعودی عرب کو جلتی پر مزید تیل چھڑکنے سے گریز کرنے کی وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے سفارتی بحران کو کم کرنے کی کوششوں کے برعکس سعودی عرب اس کے خلاف کام کر رہا ہے۔
سعودی عرب کو اپنے اس اقدام سے رکنا ہو گا ،خطے کے بڑے عدم استحکام سے دوچارہونے کے خدشات کافی بڑھ چکے ہیں۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق تہران میں عراقی ہم منصب ابراہیم ال جعفری کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف نے کہا کہ ریاض کو تہران سے متصادم اقدامات فوری روک دینے چاہییں۔
انہوں نے کہا کہ گذشتہ ڈھائی سال سے سعودی عرب، ایران کی سفارتکاری کی مخالفت کر رہا ہے، سعودی عرب ہماری کوششوں کے خلاف برسرپیکار ہے اور بدقسمتی سے سعودی حکام نے ’’نیو کلیئر ڈیل ‘‘ کی بھی مخالفت کی جبکہ تیل کی قیمتیں کم سطح پر برقرار رکھنے کی پالیسی سے بھی ایرانی شہریوں کو نقصان پہنچا یا گیا۔
انہوں نے کہاکہ کشیدگی پیدا کرنے کا رجحان ختم ہونا چاہیے ، ہمیں ایک ساتھ متحد ہونے کی ضرورت ہے اور ایسے لوگوں کو روکا جانا چاہیے جو جلتی پر تیل چھڑک رہے ہیں۔