10 فروری 2016
وقت اشاعت: 0:12
امریکا:پہلی خاتون کمانڈنٹ آف کیڈٹس نے عہدے کا حلف اٹھا لیا
جیو نیوز - واشنگٹن........امریکا میں یو ایس ملٹری اکیڈمی میں پہلی خاتون کمانڈنٹ آف کیڈٹس نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق47 سالہ بریگیڈیئر جنرل ڈائنا ہالینڈ افغانستان اور عراق میں خدمات سرانجام دے چکی ہیں۔
ان کی تقریب حلف برداری نیویارک سے 80 کلومیٹر دور شمال میں واقع ویسٹ پوائنٹ ملٹری اکیڈمی میں ہوئی جہاں سے فارغ التحصیل ہونے والے افراد عموماً فوج میں خدمات سرانجام دیتے ہیں۔
ویسٹ پوائنٹ سے 1990 میں فارغ التحصیل ہونے والی ڈائنا ہالینڈ کو اس اہم عہدے پر تعینات کرنے سے ایک ماہ قبل ہی امریکی فوج نے عورتوں کی فوج کے ہر شعبے میں شمولیت کی راہ میں حائل رکاوٹیں ختم کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ وہ انہیں میدان جنگ کے لیے بھی قبول کرے گی جو اس سے قبل صرف مردوں کے لیے مخصوص تھا۔