16 فروری 2016
وقت اشاعت: 15:2
پٹھان کوٹ واقعہ، پاکستان کی ابتدائی تحقیقات پر بھارت مطمئن
جیو نیوز - نئی دہلی......پٹھان کوٹ واقعے پر پاکستان کی ابتدائی تحقیقات پر بھارت نے رد عمل دے دیا، وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ پاکستان نے مؤثر اقدامات کا یقین دلایا ہے، اس یقین دہانی پر یقین نہ کرنے کی کوئی وجہ نہیں۔
دوسری طرف بھارتی وزیر رام ولاس پاسوان نے پاک بھارت تعلقات معمول پر لانے کے لیے مشترکہ کرنسی لانے اور ویزے کی پابندیاں نرم کرنے کی تجویز دے دی۔
پٹھان کوٹ حملے کے بعد بھارتی حکومت کن پہلوؤں پر سوچ رہی ہے اس کا اظہار وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کے اس بیان سے ہوتا ہے جو وزیر خارجہ سشما سوراج سے ملاقات کے ایک روز بعد سامنے آیا،جس میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اس واقعے پر مؤثر اقدامات کا یقین دلایا اور بھارتی حکومت کو ان اقدامات کا انتظار کرنا چاہیے۔
اس سے پہلے دلی سرکار کے ایک اور وزیر رام ولاس پاسوان نے پاکستان پر دہشت گردی کا الزام لگانے والوں کو آئینہ دکھاتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت سے زیادہ تو پاکستان دہشت گردی کا شکار رہا ہے۔
پاسوان نے پاک بھارت تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے ویزے کی پابندیاں نرم کرنے اور مشترکہ کرنسی رکھنے کی تجویز بھی پیش کر دی۔لیکن دونوں ملکوں کے درمیان چنگاری بھڑکانے والے بھارتی میڈیا سے اپنے وزیر کا بیان ہضم نہ ہوا اور نئی منطق لے آیا۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھارتی وزرا کے حالیہ بیانات اشارہ دے رہے ہیں، جلتی پر تیل ڈالنے والے چند لوگوں کی باتوں پر کان دھرنے سے بہتر ہے،کام سے کام رکھا جائے، بات چیت کے عمل کا چلتے رہنا ہی پاکستان بھارت کی جیت اور روڑے اٹکانے والوں کی شکست ہوگی۔