28 فروری 2016
وقت اشاعت: 14:51
شام :پناہ گزین کیمپ میں فاقہ کشی کے باعث 184 فلسطینی جاں بحق
جیو نیوز - دمشق ......شام کے دارالحکومت دمشق کے نواح میں قائم فلسطینی پناہ گزین کیمپ’’یرموک‘‘ میں سرکاری فوج کے محاصرے کے نتیجے میں فاقہ کشی کے باعث 21 بچوں سمیت 184 فلسطینی پناہ گزین ہلاک ہوچکے ہیں۔
شام میں انسانی حقوق کی صورت حال کی مانیٹرنگ کرنے والے ادارے’شام فلسطین ایکشن گروپ‘ کی جانب سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یرموک پناہ گزین کیمپ میں انسانی ضرورت کی بنیادی اشیا ء کا قحط ہے،خوراک اور ادویات کا نام و نشان تک نہیں، بچے دودھ سے محروم ہیں۔
کیمپ میں انسانی صحت کا شعبہ بدترین المیہ کا سامنا کررہا ہے اور شہریوں میں جسمانی امراض کے ساتھ نفسیاتی عوارض بھی جنم لے رہے ہیں، امدادی اداروں کی جانب سے خوراک کی فراہمی کی کوششوں کوبھی ناکام بنا دیا جاتا ہے۔ شہری ایک ایک کلو کی خوراک کے پیکٹ کے حصول کے لیے دن بھرقطاروں میں کھڑے رہتے ہیں۔