1 مارچ 2016
وقت اشاعت: 19:29
خلیجی مما لک مشترکہ میزائل ڈیفنس سسٹم شروع کریں گے
جیو نیوز - مناما.... بحرین ، ایران کی بڑھتی ہوئی میزائل صلاحیت اور اس سے پیدا ہونے والے خطرات کا تدارک کرنے کے لئے خلیجی ممالک کی سطح پر مشترکہ میزائل پروگرام شروع کرے گا۔
ان خیالات کا اظہار بحرین میں خلیج تعاون کونسل کے زیراہتمام دفاعی امور کے اجلاس کے دوران بحرینی فوجی عہدیدارنے کیا۔
جدہ میں مقیم جنگ کے نمائندے شاہد نعیم کے مطابق بحرین کی فضائیہ کے سربراہ میجر جنرل حمد بن عبداللہ آل خلیفہ کا کہنا ہے کہ مشترکہ میزائل ڈیفنس شیلڈ خلیجی ممالک کی اہم ترین دفاعی ضرورت ہے۔ اس کی تکمیل کے لیے خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک مل کر میزائل پروگرام پر کام کر سکتے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ مشترکہ میزائل ڈیفنس سسٹم کے لیے جلد ہی مساعی کا آغاز کر دیا جائے گا اور اس راہ میں حائل تمام رکاوٹیں ختم کر دی جائیں گی۔
مقامی ذرا ئع ابلاغ کے مطابق امریکی اور خلیجی ممالک کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ خلیجی ممالک مشترکہ فوجی صلاحیتوں کے حصول اور دفاعی ذمے داریوں کے لیے ایک دوسرے کے شا نہ بشانہ آگے بڑھیں۔