تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
2 مارچ 2016
وقت اشاعت: 15:20

اسرائیل کے زمینوں پر قبضے کے منصوبے قابل مذمت ہیں،بان کی مون

جیو نیوز - نیویارک........اسرائیلی حکام نے تصدیق کی ہے کہ اردن کے قریب ویسٹ بینک کی ایک بڑی پٹی پر قبضے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے،ادھر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اِس اسرائیلی اقدام کی مذمت کی ہے۔

برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزارتِ دفاع کے ایک یونٹ نے اپنے ایک میل میں واضح کیا کہ اردنی سرزمین کے قریب واقع ویسٹ بینک کی وسیع پٹی پر اسرائیلی قبضے کو حتمی شکل دی جانے والی ہے۔ سیاسی حکومت کے فیصلے کے بعد اس علاقے کو اسرائیل کی جغرافیائی حدود میں ضم کر دیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق 154 ہیکٹرز یا 380 ایکڑ اراضی کو اسرائیلی حصہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اب صرف اعلان ہونا باقی ہے۔ یہ اراضی جریکو کے فلسطینی علاقے کے قریب وادی اردن کا حصہ ہے۔ قبضہ کیے گئے علاقوں میں زرعی فارم قائم کیے گئے ہیں۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے اپنے بیان میں کہا کہ آبادکاری کی یہ سرگرمیاں بین الاقوامی قوانین کے منافی ہیں اور اسرائیلی حکومت کا یہ عمل دو ریاستی تصور کے خلاف ہونے کے ساتھ ساتھ تنازع کو مزید گہرا کرے گا۔

ادھر پی ایل او کی سینئررہنما حنان اشراوی نے اِس اقدام کو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی سے تعبیر کیا ہے۔جس زمین پر قبضہ کیا جارہا ہے، وہاں کئی یہودی آباد کاروں نے پہلے ہی زرعی سرگرمیاں شروع کر رکھی ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ مجموعی طور پر یہ تمام علاقہ اسرائیل کی شہری انتظامیہ اور فوج کے کنٹرول میں ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.