5 مارچ 2016
وقت اشاعت: 15:38
نیٹو: داعش کے خلاف اواکس کے استعمال کی درخواست پر غور
جیو نیوز - برسلز.........برسلز میں شمالی اوقیانوسی معاہدے کی تنظیم کے ایک ذمہ دار نے بتایاہے کہ نیٹو کو داعش کے خلاف اواکس طیارے استعمال کرنے کے لیے ایک درخواست موصول ہوئی ہے، اور رکن ممالک کی جانب سے درخواست پر بحث جاری ہے۔
نیٹو کے ذمہ دار نے ایک فرانسیسی نیوز ایجنسی کو بتایا کہ ہمیں موصول ہونے والی درخواست میں اواکس نوعیت کے جاسوس طیاروں کو بھیجے جانے کے ذریعے داعش کے خلاف جاری کوششوں کے لیے شمالی اوقیانوسی اتحاد کی بھرپور سپورٹ کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ایک امریکی سفارت کار نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ وزیر دفاع ایشٹن کارٹر نے حالیہ دنوں میں بین الاقوامی اتحاد میں شامل تمام ارکان کو خطوط بھیجے ہیں۔ ان میں نیٹو کو (جس کے 28 ممالک بین الاقوامی اتحاد میں شریک ہیں) بھیجے گئے خط میں زور دیا گیا ہے کہ اضافی کوششوں کے سلسلے میں نیٹو کی جانب سے کام میں لائے جانے والے ممکنہ وسائل پر بحث کا آغاز کیا جائے۔
واضح رہے کہ اب تک 60 سے زیادہ ملکوں پر مشتمل بین الاقوامی اتحاد کی کارروائیوں میں نیٹو کا کوئی براہ راست کردار نہیں ہے۔اور نہ ہی اس حوالے سے نیٹو کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ ایک سفارتی ذریعے نے بتایا کہ نیٹو،عراق اور شام میں اواکس طیارے نہیں بھیجے گا۔