تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
6 مارچ 2016
وقت اشاعت: 14:7

کشیدگی کے خاتمے کیلئے پاکستان کی نیک نیتی قابل قدر ہے ،ایران

جیو نیوز - تہران......ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان صادق حسین جابری انصاری نے کہاہے کہ ان کاملک سعودی عرب کے ساتھ کشیدگی کے خاتمے کےلئے پاکستان سمیت دوست ملکوں کی نیک نیتی پر مبنی سفارتکاری کا خیر مقدم کرتا ہے ۔

تاہم ہر طرح کی کوشش اور ثالثی اسی وقت کامیاب ہو گی جب سعودی عرب کی پالیسی میں تبدیلی آئے گی،تعلقات میں بہتری کے لئے پہل سعودی عرب کو ہی کرنی ہو گی۔ ایران اور امریکا کے درمیان اختلافات پہلے کی ہی طرح ہیں ، ہمارے تعلقات کی اسٹرٹیجک فضاء میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔

ہفتہ وار پریس بریفنگ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہاکہ ایران خارجہ پالیسی کے میدان میں اپنی بنیادی اسٹرٹیجی پر کاربند ہے اور ایران اورامریکہ کی اسٹرٹیجی اور پالیسیوں میں واضح فرق کے باعث آپس کے اختلافات کی سطح بھی اپنی جگہ برقرار ہے۔

انہوں نے ایران کے صدر کے دورہ یورپ کے بارے میں اس امید کا اظہار کیا کہ یہ دورہ پابندیوں کے خاتمے کے بعد کے دور میں ایران اور یورپ کے درمیان وسیع تعاون اور تعلقات کا راستہ ہموار کرے گا۔ ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ صدر حسن روحانی پہلے اٹلی، اس کے بعد فرانس کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے چین کے صدر کے دورہ ایران میں دونوں کے ملکوں کے درمیان سترہ معاہدوں پر دستخط کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چین کے صدر کے دورہ تہران میں دونوں ملکوں نے پچیس سالہ اسٹریٹیجک تعلقات برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.