تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
6 مارچ 2016
وقت اشاعت: 15:44

شمال مشرقی امریکی ریاستوں میں برفانی طوفان، ہلاکتوں کی تعداد 30 ہوگئی

جیو نیوز - نیویارک......سپر پاور امریکا موسم کے سامنے بے بس ہوگیا۔نیویارک اور واشنگٹن سمیت کئی شہروں میں برفانی طوفان تو تھم گیا مگر 30افراد کی جان لے گیا، طوفان سے اب تک ایک ارب ڈالرکا نقصان ہوچکا ہے۔

امریکا کے مشرقی ریاستوں میں تباہی مچانے کے بعد برفانی طوفان تھم گیا،برف باری رک گئی لیکن نظام زندگی کا پہیہ اب تک جام ہے،متاثرہ علاقوں میں برف ہٹانے اور صفائی کا مرحلہ جاری ہے،جبکہ معمولات زندگی کے پوری طرح بحال ہونے میں مزید چند دن لگ سکتے ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق طوفان کے دوران 5ریاستوں میں 3فٹ سے زیادہ برف پڑی اور 20 ریاستوں میں ساڑھے 8کروڑ سے زیادہ امریکی متاثر ہوئے،بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا،ٹرانسپورٹ سسٹم جام رہا،ائیرپورٹ رن ویز پر برف جمنے سے 12ہزار سے زائد پروازیں اڑان نہ بھر سکیں،کئی شہروں میں لوگوں کےپاس کھانے پینے کاذخیرہ ختم ہو گیا، تعلیمی ادارے بند ہیں۔

امریکی نیشنل ویدر سروس کے مطابق سب سے زیادہ برف باری ورجینیا کے علاقے گلینگیری میں ہوئی جہاں 42انچ برف پڑی، کئی شہروں میں ریکارڈ برف باری ہوئی،ریاست پنسلوانیا کا شہر فلاڈلفیا برف کی موٹی تہہ سے ڈھک گیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق واشنگٹن میں تقریباً دوفٹ برف پڑی،ادھرنیویارک کی تاریخ میں 1869ءکے بعد دوسری سب سے زیادہ برف پڑی،نیویارک میں شہریوں کے سفرپر عائد پابندی اٹھا لی گئی ہے،لیکن فضائی نظام اب بھی معطل ہے،برفانی طوفان نے امریکی معیشت کی کمر توڑ کر رکھ دی، نقصانات کا اندازہ ایک ارب ڈالر سے زائد لگایا گیا ہے ۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.