6 مارچ 2016
وقت اشاعت: 19:13
داعش نے پیرس حملے کے نودہشت گردوں کی شناخت جاری کر دی
جیو نیوز - دمشق......شدت پسند تنظیم دولت اسلامی داعش نے پیرس میں 13 نومبر کو کیے گئے دہشت گردانہ حملے میں حصہ لینے والے 9 دہشت گردوں کی تصاویر جاری کردیں۔
پیرس میں پچھلے سال 13 نومبر کوہونے والی دہشت گردی میں 130 افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہو گئے تھے۔ داعش نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کی تھی۔
عرب ٹی وی کے مطابق گذشتہ روز شدت پسند گروپ کی جانب سے انٹرنیٹ پر ایک تصویر فوٹیج پوسٹ کی گئی جس میں عربی اور فرانسیسی زبان میں ان نو افراد کا تعارف کرایا گیا ہے جنہوں نے مبینہ طور پر پیرس دہشت گردی میں حصہ لیا تھا۔
ان دہشت گردوں کی شناخت ابو قعقاع البل جیکی، ابو فواد الفرنسی، ابو ریان الفرنسی، ذوالقرنین البلجیکی، ابو قتال الفرنسی، علی العراقی، ابو مجاھد البلجیکی، عکاشہ العراقی اور منصوبے کےماسٹر مائنڈ عبدالحمید ابا عود المعروف ابو عمر البلجیکی کے ناموں سے کی گئی ہے۔
فوٹیج میں دہشت گردی کی کارروائیوں کیے دوران پیرس میں مختلف مقامات پر بنائے گئے تصویری مناظر بھی دکھائے گئے ہیں۔ فوٹیج میں داعش نے یورپ کے کئی دوسرے ملکوں کو بھی دہشت گردی کا نشانہ بنانے کی دھمکی دی ہے۔