تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
7 مارچ 2016
وقت اشاعت: 4:59

امریکا میں برفانی طوفان سے 31،تائیوان میں سردی سے 57افراد ہلاک

جیو نیوز - نیویارک......برفانی طوفان جاتے جاتے امریکا کو اربوں ڈالر کا نقصان پہنچا گیا،31افراد کی جان لے گیا۔ تائیوان میں سرد موسم کے باعث 57 افراد جان سے گئے۔

سپر موسم کے سامنے سپر پاور امریکا بے بس ہوگیا۔برفانی طوفان نیویارک اور واشنگٹن کو فتح کرتا ہوا گزر گیا،31 افراد کی جان لے گیا، ایک ارب ڈالر کا نقصان دے گیا۔

برف کے طوفان کو جھیلنے والے امریکی رہائشیوں کو اب طوفان کی تباہ کاریوں کا سامنا ہے، متاثرہ ریاستوں میں بیشتر اسکول اور دفاتر اب بھی بند ہیں اور ہزاروں لوگ افراد بجلی کی بحالی کے منتظر ہیں، موسم کی خرابی نے آج بھی ہزاروں پروازوں کو فضاؤں سے دور رکھا، متاثرہ علاقوں میں برف ہٹانے کا کام جاری ہے۔

برف پگھلنے کے بعد سڑکوں پر ہونے والی پھسلن سے بچاؤ کے لیے حکام نے لوگوں کو احتیاط کی ہدایت کی ہے، طوفان کے دوران پانچ ریاستوں میں تین فٹ سے زیادہ برف پڑی، سب سے زیادہ برف باری ورجینیا کے علاقے گلینگیری میں ہوئی جہاں 42 انچ برف باری رکارڈ کی گئی، 20 ریاستوں میں ساڑھے 8کروڑ سے زیادہ امریکی متاثر ہوئے، برفانی طوفان نے امریکی معیشت کو بھی اربوں ڈالر کا دھچکا پہنچایا ہے۔

ادھر شدید سرد موسم نے مشرقی ایشائی ملکوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے، جنوبی چین، جنوبی کوریا اور جاپان میں سردی کی شدت عروج پر ہے، ہانگ کانگ میں سرد موسم کا 60 سالہ جبکہ تائیوان میں سردی کا 16 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہےجس کے ہاتھوں وہاں 57 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.