10 مارچ 2016
وقت اشاعت: 4:35
جاسوس کبوتر کے بعد مشکوک غبارہ، بھارتی وزیر دفاع نے پاکستانی قرار دیا
جیو نیوز - نئی دہلی........جاسوس کبوترکے بعد مشکوک غبارہ آگیا،بھارتی میڈیا نے پاکستان کے خلاف نیاشوشہ چھوڑا، دہلی ایئرپورٹ کے قریب مشکوک غبارہ دیکھا گیا۔دہلی پولیس کا کہنا ہے کہ غبارہ بھارتی محکمہ موسمیات کا تھا۔
مقامی پولیس نے کال موصول ہونے کےبعد ایئرٹریفک کنٹرول اور ایئر فورس کو آگاہ کیا،بھارتی وزیر دفاع بولے مشکوک غبارہ پاکستان سے آیا تھا،غبارہ گیا کدھر کچھ معلوم نے ہوسکا۔
غبارہ کیا ہے؟ بچوں کے کھیلنے کا کھلونا، لیکن دنیا کا ایک ملک ایسا ہے جو غباروں سے ڈرتا ہے، جی ہاں یہ ذکر ہے بھارت کا، جہاں دہلی ائرپورٹ کے قریب ایک غبارہ دیکھا گیا۔ گڑگاؤں کنٹرول روم نے فوراً ائرپورٹ سیکیورٹی کو الرٹ جاری کر دیا۔ شام پانچ بجے دہلی پولیس کو غبارے کے بارے میں کال موصول ہوئی، پھر کیا تھا، پولیس نے ناکے لگا لیے اور بندوقیں تان لیں، پولیس سے غبارہ گرفتار نہ ہوا تو اس نے ائرٹریفک کنٹرول کو بتایا اور یہاں سے کسی خفیہ والے نے بات بھارتی وزارتِ دفاع اور وزارتِ خارجہ تک بھی پہنچا دی۔
بھارت میں جس بات کا کوئی سراغ نہ لگتا ہو اس کے بارے میں پاکستان سے پوچھا جاتا ہے، جب وزارت دفاع کو غبارے کے بارے میں کچھ پتا نہ چلا تو اس نے اپنی بلا وزارتِ خارجہ کے سر باندھتے ہوئے سفارش کی کہ اس غبارے کے بارے میں پاکستان سے پوچھا جائے۔ بھارتی وزیردفاع منوہر پاریکر نے کہا ہے کہ مشکوک غبارہ پاکستان سے ہی آیا تھا۔
دہلی پولیس نے غبارے سے ہوا نکال دی ہے،بھارتی وزیر دفاع کے بیان کی تردید کرتے ہوئے دہلی پولیس نے کہا ہے کہ ایئرپورٹ کے قریب دیکھا گیا غبارہ بھارتی محکمہ موسمیات کا تھا۔
اس سے پہلے ایک کبوتر کو بھی پاکستان سے مبینہ طور پر بھارت آنے پر گرفتار کیا جا چکا ہے جس پر غیر ملکی میڈیا نے بھارت کا خوب مضحکہ اڑایا تھا، ویسے پاکستان سے تو بھارت میں دھوپ بھی آتی ہے اور ہوا بھی، دیکھیے دھوپ اور ہوا کی گرفتاری کا حکم کب ہوتا ہے۔