11 مارچ 2016
وقت اشاعت: 10:41
یونانی ساحل پر تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے 25افراد جاں بحق
جیو نیوز - ایتھنز......یونانی ساحلی محافظوں نے بتایا ہے کہ تارکین وطن کی ایک کشتی ڈوبنے کے واقعے میں10 بچوں سمیت 25 پناہ گزین ڈوب کر ہلاک ہو گئے ہیں ۔کشتی ڈوبنے کا واقعہ بحیرہ ایجیئن میں مشرقی یونانی جزیرے کے قریب پیش آیا۔
کشتی ڈوبنے کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکی ہیں۔حادثے کے بعد یونانی ساحلی محافظ اور یورپی سرحدی محافظوں کی ایجنسی ’فرونٹکس‘ نے مشترکہ امدادی کارروائی شروع کر دی۔
امدادی کارروائیوں کے دوران گیارہ افراد کو سمندر سے بحفاظت نکال لیا گیا۔ دو دنوں میں تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل گزشتہ روز بھی ایسے ہی ایک واقعے نے دو بچوں سمیت سات پناہ گزینوں کی جان لے لی تھی۔
یورپ میں جاری مہاجرین کے موجودہ بحران کے دوران زیادہ تارکین وطن کی اکثریت ترکی سے بحیرہ ایجیئن عبور کر کے یونان پہنچی ہے۔اس کوشش میںاب تک سینکڑوں تارکین وطن اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں قابل ذکر تعداد بچوں اور عورتوں کی ہے۔