13 مارچ 2016
وقت اشاعت: 10:8
پاکستان میں شدت پسندوں کے ٹھکانے بڑا چیلنج ہیں ،جنرل نکولسن
جیو نیوز - واشنگٹن......... افغانستان کیلئے امریکہ اورنیٹوافواج کی قیادت کےلئے نامزد امریکی کمانڈر جنرل جان مک نکولسن نے الزام عائدکیاہے کہ طالبان اور حقانی نیٹ ورک کی پاکستان میں موجود محفوظ پناہ گاہیں امریکہ اورافغانستا ن کےلئے بڑا چیلنج ہیں۔
اپنی نامزدگی کی توثیق کےلئے مسلح افواج کے بارے میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس کے دوسرے سیشن میں قانون سازوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے جنرل جان مک نکولسن نے کہاکہ میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان کے اندر طالبان اور حقانی نیٹ ور کی پناہ گاہیں موجود ہیں جو افغانستان میں امریکی اور افغان فورسز کیلئے بڑا اور ایک سنجیدہ چیلنج ہیں ۔
افغانستان میںسلامتی کی صورتحال دگرگوں ہے، امریکہ ہاتھ ہاتھ پر دھرے نہیں بیٹھا رہے گا، زیادہ جارحانہ انداز اپنانے کی ضرورت ہے، شمالی وزیرستان میں حالیہ کارروائیاں اور فاٹا میں اضافی فوج کی تعیناتی شدت شدت پسندوں کیخلاف معاون ثابت ہوئی۔جنرل نکولسن نے کہا کہ ہمیں پاک فوج اورجنرل راحیل شریف سے مسلسل رابطے میں رہنا ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ شمالی وزیرستان میں حالیہ کارروائیاں اور قبائلی علاقوں میں اضافی فوجیوں کی تعیناتی شدت پسندوں کے خلاف معاون ثابت ہوئی ہیں ان اقدامات کے باعث بعض شدت پسند افغانستان کی طرف فرارہوئے جس سے وہاں سیکورٹی کے مسائل پیداہوئے۔
افغانستان کے بارے میں امریکی جنرل نے خبردارکیاکہ وہاں کی سلامتی کی صورت ِحال دگرگوں ہے باوجود اس بات کے کہ افغان افواج نے جرات مندانہ کوششیں جاری رکھی ہیں،داعش اور القاعدہ جیسے دہشت گردوہاں موجود ہیں، اس لئے امریکہ کو زیادہ جارحاجہ انداز اپنانے کی ضرورت ہے۔