13 مارچ 2016
وقت اشاعت: 11:29
لیبیا میں استحکام کی خاطر فوجی مداخلت پر غورکررہے ہیں،اٹلی
جیو نیوز - روم........اطالوی وزیر دفاع نے کہاہے کہ اٹلی، امریکا، برطانیہ اور فرانس مل کر لیبیا کو پرامن بنانے کے لیے وہاں عسکری مداخلت پر غور کر رہے ہیں۔
معمر قذافی کی ہلاکت کے بعد سے شمالی افریقہ کا یہ ملک شورش کا شکار ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اٹلی کی خاتون وزیر دفاع رابرٹا پنوٹی نے ایک انٹرویومیں کہاکہ لیبیا میں استحکام کے لیے مختلف ممکنات پر غور جاری ہے، جس میں یہ آپشن بھی زیر بحث ہے کہ وہاں قیام امن اور حکومتی رِٹ کی بحالی کی خاطر مقامی جنگجوؤں کے خلاف عسکری کارروائی کی جائے۔
انہوں نے کہاکہ لیبیا میں استحکام کو یقینی بنانے کے لیے عالمی برداری کوشش میں ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے روم حکومت امریکا، برطانیہ اور فرانس کے ساتھ مل کر وہاں عسکری مداخلت کو خارج ازامکان قرار نہیں دے رہی ہے۔مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کی طرف سے قذافی حکومت کے خاتمے اور معمر قذافی کی ہلاکت کے بعد سے لیبیا میں طوائف الملوکی کی کیفیت ہے۔
وہاں نہ صرف دو متوازی حکومتیں قائم ہیں بلکہ سیاسی خلاء کے باعث انتہا پسند گروپ داعش، لیبیا میں قدم جمانے میں کامیاب ہو چکا ہے۔ انٹرویو دیتے ہوئے پنوٹی نے کہا کہ لیبیا میں سیاسی تعطل اور شورش کو مزید نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے تصدیق کی کہ گزشتہ ماہ کے دوران اٹلی نے اس مقصد کے لیے لندن، واشنگٹن اور پیرس حکومتوں کے ساتھ مشاورتی عمل میں تیزی پیدا کر دی ہے۔