تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
17 مارچ 2016
وقت اشاعت: 9:19

مسلمانوں کی ڈونلڈ ٹرمپ کو اسلام کو سمجھنے کی دعوت

جیو نیوز - واشنگٹن........ریاست ہائے متحدہ امریکا میں رواں سال کے صدارتی انتخابی دنگل میں اب تک سب سے زیادہ متنازع اور میڈیا میں زیربحث رہنے والے ری پبلیکن پارٹی کے امیدوارڈونلڈ ٹرمپ کو مقامی مسلمانوں کی جانب سے اسلامی تعلیمات سے شناسائی حاصل کرنے کی دعوت دی گئی ہے۔

مسٹر ٹرمپ کو یہ دعوت ریاست "آئیووا کے دی موین شہر کے مسلمانوں کی جانب سے دی گئی ہے جس میں ان سے کہا گیا ہے کہ وہ اسلام اور مسلمانوں کے بارے میں اپنے منفی خیالات تبدیل کریں اور اسلام کو سمجھنے کی کوشش کریں۔عرب ٹی وی کے مطابق دی موین شہر کی سب سے پرانی جامع مسجد کے امام وخطیب علامہ طہ الطویل نے ری پبلیکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو تاریخی جامع مسجد کے دورے کی دعوت پیش کی ہے ۔

تاہم ابھی تک انہوں نے اس کا جواب نہیں دیا ہے۔ اس شہر میں دو ہزار کے قریب مسلمان آباد ہیں۔ ان کی بھی خواہش ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ جامع مسجد آئیں، اسلام اور مسلمانوں کے بارے میں ان سے تبادلہ خیال کریں تاکہ ان کے ذہن میں اسلام کے حوالے سے پیدا ہونے والے منفی تاثر کا اطمینان بخش جواب دیا جا سکے۔

ٹرمپ کو یہ دعوت ایک ایسے وقت میں دی گئی ہے جب وہ امریکا سمیت دنیا بھر میں مسلمان مخالف جذبات کی وجہ سے تنقید کی زد میں ہیں۔خیال ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اپنی انتخابی مہم کا آغاز سیڈر رابٹڈز شہر میں قائم مرکز اسلامی کے سامنے سے کریں گے۔ اگر وہ اسلام اور مسلمانوں کے بارے میں اپنی منفی سوچ تبدیل کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو ان کے انتخابی عمل میں مسلمان ووٹر اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ سے بات کرتے ہوئے سرکردہ مسلمان عالم دین طہ الطویل نے کہا کہ ذاتی طور پر ٹرمپ ایک اچھے انسان ہیں، مگر ان کے خیالات منفی ہیں۔ امریکی دستور میں مذاہب کی مکمل آزادی ہے۔ ایسے میں ٹرمپ جیسے شخص جو ملک کے اعلی ترین عہدے کے متمنی ہیں، کسی ایک مذہب کو نشانہ بنانے کے منفی نتائج سامنے آسکتے ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.