تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
17 مارچ 2016
وقت اشاعت: 16:17

بھارت افغانستان اسٹریٹجک پارٹنر ہوگئے

جیو نیوز - کابل......بھارت اورافغانستان کے درمیان سفارت کار وں کے ایک دوسرے کے ہاں ویزا کے بغیر سفرکرنے کے معاہدے پر اتفاق رائے ہوگیا ہے جبکہ بھارت نے افغان عوام کے فائدے کے لئے اسٹریٹیجک پارٹنرشپ کو منظوری دے دی ہے۔

بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے ایک بیان میں کہاکہ افغانستان کے چیف ایگزیکٹیوآفیسراور وزارتی کونسل کے سربراہ ڈاکٹرعبداللہ عبداللہ نے پیر کو وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر خارجہ سشما سوراج سے ملاقاتیں کیں، دونوں رہنما وں سے ڈاکٹر عبداللہ کی الگ الگ ملاقاتوں میںاہم امور زیر بحث آئے۔

بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی اور ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ کی موجودگی میں دونوں ملکوں نے ایک معاہدہ پر دستخط کیے جس کی رو سے دونوں ملکوں کے سفارت کار اب ایک دوسرے کے ہاں ویزا کے بغیر سفر کرسکیں گے۔ سوروپ نے کہا کہ سشما سوراج نے افغان عوام کے فائدے کے لئے اسٹریٹیجک پارٹنرشپ کو منظوری دے دی۔

اس سا ل کے اوائل میں بھارتی پنجاب میں فضائیہ کے پٹھان کوٹ ایئربیس اور افغانستان میں مزار شریف میں بھارتی قونصل خانہ پر ہوئے دہشت گردانہ حملے کے بعد بھارت اور افغانستان کی اعلی قیادت کے درمیان یہ پہلی ملاقات تھی۔ بھارتی سکیورٹی افسران کا خیال ہے کہ دونوں حملوں میں کافی مماثلت ہے اور دونوں کے تانے بانے آپس میں ملتے ہیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق ڈاکٹرعبداللہ اور بھارتی رہنماؤں نے پٹھان کوٹ اور مزارشریف پر ہوئے دہشت گردانہ حملوں،ان کے مضمرات اور سکیورٹی کی تازہ ترین صورت حال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون اور اس ماہ ہونے والے چار ملکی طالبان مذاکرات کے آخری مرحلے کے سلسلے میں بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا،ڈاکٹر عبداللہ کے اس دورے کے دوران بھارت کے شہر جے پور میں منگل سے شروع ہونے والی دو روزہ بین الاقوامی انسداد دہشت گردی کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.