تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
20 مارچ 2016
وقت اشاعت: 23:14

ہیومن رائٹس واچ کی امریکا پر تنقید ،نسلی امتیاز کے الزامات

جیو نیوز - واشنگٹن....... ہیومن رائٹس واچ نے امریکا میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے واقعات پر سخت تنقید کی ہے۔

ہیومن رائٹس واچ کی رپورٹ کے مطابق حکومت امریکا کے حراستی قوانین اور طریقہ کار، نسلی عدم مساوات، فوجداری عدالتوں کی کارکردگی اور خارجہ پالیسی سے عالمی سطح پر انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق امریکا ، 23 لاکھ 70 ہزار قیدیوں کے ساتھ دنیا میں سرفہرست ہے اور سالانہ تقریبا 12 لاکھ افراد کو مختلف الزامات کے تحت جیلوں میں بند کر دیا جاتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکا کی 31 ریاستوں میں تاحال پھانسی کی سزا برقرار ہے اور 2014 کے دوران 7 افراد کو پھانسی بھی دی گئی۔ امریکی عدالتی نظام میں نسلی عدم مساوات کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔ اگرچہ امریکا میں منشیات سے متعلق جرائم میں سفید فاموں اور سیاہ فاموں کے درمیان بہت زیادہ فرق نہیں ہے لیکن پولیس کے ہاتھوں سیاہ فاموں کی گرفتاریوں ، ان پر تشد د اور حراست میں رکھے جانے کے واقعات سفید فاموں کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں سیاہ فاموں کی گرفتاریوں کا مجموعی تناسب سفید فاموں کے مقابلے میں 6 گنا زیادہ ہے۔پولیس کے ہاتھوں سیاہ فاموں کے قتل کے واقعات کے بارے میں کہا گیا ہے کہ حکومت، پولیس کے ہاتھوں قتل ہونے والوں کی مکمل رپورٹ بھی جاری نہیں کرتی۔

پچھلے دوسال کے دوران سفید فام پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں غیر مسلح سیاہ فام شہریوں کے قتل کے لاتعداد واقعات کی وجہ سے ، امریکا کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ جبکہ اندرون ملک پولیس کے نسلی تعصب کے خلاف مسلسل مظاہرے بھی کیے جا رہے ہیں۔

رپورٹ میں شام کے بارے میں امریکی پالیسیوں پر بھی کڑی نکتہ چینی کی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق امریکا یمن میں انجام پانے والے جنگی جرائم میں بھی براہ راست ملوث ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.