تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
22 مارچ 2016
وقت اشاعت: 18:57

افغان بحران نے پاکستان کوسخت نقصان پہنچایا ،اعزاز چوہدری

جیو نیوز - ہیوسٹن......زاہد اختر خانزادہ......پاکستان کے سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کہا ہے کہ افغان بحران نے پاکستان کو انتہائی نقصان پہنچایا ۔

ایشیا سوسائٹی ٹیکساس سینٹر میں ’’جنوبی ایشیا میں امن و سلامتی اور پاکستان کا کردار‘‘ سے متعلق موضوع پر لیکچر دیتے ہوئے سیکرٹری خارجہ نے کہاکہ افغان بحران کے باعث پاکستان کو انتہائی نقصان اُٹھانا پڑا ،اس کی وجہ سے پاکستان میں بندوق کلچر‘ انتہا پسندی‘ دہشت گردی‘ منشیات کے فروغ اور ثقافت کی تبدیلی جیسے مسائل نے جنم لیا۔ انہوں نے کہاکہ جس طرح پاکستان متاثر ہوا اس طرح کوئی اور دوسرا ملک متاثر نہیں ہوا ہے تاہم اب پاکستان‘ افغانستان‘ امریکا اور چین مل کر امن اور مفاہمت کو فروغ دینے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاک بھارت تعلقات بہتر بنانے کیلئے مذاکرات کے عمل کو بحال کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں انہوں نے کہاکہ تنازعات اور خدشات کو دور کر کے ہم خطے میں سلامتی اور اپنے ممالک میں اقتصادی صلاحیت کے فروغ میں اضافہ کر سکتے ہیں انہوں نے کہاکہ پاکستانی قیادت ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ چاہتی ہے اور آپ نے دیکھا کہ اب دہشت گردی کے واقعات نہ ہونے کے برابر ہیں جس سے سیکورٹی کے خدشات سے متعلق معاملات ختم ہو رہے ہیں اور پاکستان میں بین الاقوامی کمپنیاں سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔

قونصل جنرل ہیوسٹن افضال محمود کی جانب سے منعقدہ عشائیہ میں پاکستانی کمیونٹی کی ممتاز کاروباری شخصیت‘ منتخب نمائندوں اور کمیونٹی رہنماؤں سے خطاب میں سیکرٹری خارجہ اعزاز چودھری کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک میں رہنے والوں سے زیادہ محبت کرتے ہیں اور وہ یہ بات اپنے تجربے کی روشنی میں کہہ رہے ہیں، انہوں نے کہاکہ پاکستانیوں کو چاہئے کہ وہ مقامی قوانین کا احترام کریں اور دونوں ملکوں کی ترقی و ترویج میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے یہاں کی سیاست میں حصہ لیں۔ انہوں نے کہاکہ ہیوسٹن میں ایسے پاکستانیوں سے بھی ملا ہوں جن پر مقامی امریکیوں کو بھی ناز ہے، انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک سے وفاداری کرنا آپ پر فرض ہے۔

اعزازچوہدری نے کہاکہ پاکستان میں دہشت گردی کے خاتمے کے بعد سرمایہ کاری کے لئے جہاں سازگار ماحول بن رہا ہے وہاں مزید مواقع بھی پیدا کئے جا رہے ہیں اور میں پاکستانی کمیونٹی سے کہوں گا کہ وہ وہاں سرمایہ کاری کریں۔پاکستان کا اصل چہرہ اب سامنے آ رہا ہے اور ہمارا ملک ’’بد سے بدنام برا‘‘ والی کیفیت میں تھا تاہم اب اچھی تصویر سامنے آ رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ دن دور نہیں جب ہم سب پاکستانی ہونے پر فخر کر سکیں گے۔ انہوں نے کہاکہ آپ بھی پاکستان کا چہرہ ہیں آپ اپنے اعمال اور کردار سے بھی پاکستان کے چہرے کو اصل شکل میں پیش کرنے کے لئے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

اس موقع پر امریکی کانگریس میں پاکستانی کاکس کی چیئرمین کانگریس ویمن شیلا جیکسن لی اور کانگریس کے رکن ایلگرین کی جانب سے سیکرٹری خارجہ کو تہنیتی سرٹیفکیٹ پیش کئے گئے جبکہ کمیونٹی رہنماؤں کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ بھی دیا گیا۔ مذکورہ تقریب کا اہتمام جن تنظیموں کے اشتراک سے کیا گیا اُن میں قونصل جنرل آف پاکستان ،ہیوسٹن میئر آفس ٹریڈ اینڈ انٹرنیشنل افیئر اینڈ گریٹر ہیوسٹن پارٹنر شپ۔ اس موقع پر کانگریس ویمن اور کانگریس میں پاکستانی کاکس کی شریک چیئرمین شیلا جیکسن لی کی جانب سے ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر مورس نے سیکرٹری خارجہ کو تہنیتی سرٹیفکیٹ پیش کیا۔

تقریب میںڈیلس سے پاکستان امریکن ایسوسی ایشن کےڈاکٹر جاوید اجمل،پاکستان سوسائٹی آف ٹیکساس کے صدر نبیل زمان،حفیظ خان ،وقار خان ،پاکستانی ڈاکٹرز کی تنظیم اپنا نارتھ ٹیکساس کے صدر زیم نواز، ڈاکٹر ظلہ ہمااور محمد طاہر جاوید نے خصوصی طور ہر شرکت کی ۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.