23 مارچ 2016
وقت اشاعت: 3:35
مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کا دن
جیو نیوز - اسلام آباد......مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کےشکار نہتے کشمیریوں کے ساتھ یک جہتی کےاظہار کیلئے آج نہ صرف مقبوضہ کشمیر،پاکستان بلکہ دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے۔
انگریز راج نے 16 مارچ 1846ء کو محض 75لاکھ روپے نانک شاہی کے عوض جنت نظیرکشمیر گلاب سنگھ کے ہاتھوں بیچ دیا ا ورشاید اسی روز کشمیریوں کی جدوجہدآزادی بھی شروع ہوگئی تھی۔
گلاب سنگھ اور انگریز راج کے مابین کشمیر کی تقدیر پر ہونے والے ظالمانہ اور بدنام زمانہ معاہدہ امرتسر کے خلاف کشمیریوں نے 13 جولائی 1931ء کو سری نگر جیل کے احاطے میں پرچم آزادی بلند کیا تو ان پر گولیوں کی بوچھاڑ کر دی گئی، جس کے نتیجے میں 22 کشمیر ی مسلمان شہید اور 47 شدید زخمی ہو گئے۔
تین سال بعد ہندوستان کے طول و عرض میں کشمیریوں کےساتھ یک جہتی کےاظہار اور ڈوگرہ راج کے خلاف ہڑتال کی گئی۔ اگرچہ کشمیر میں آج ڈوگرہ راج نہیں، لیکن بھارت یہاں کے مسلمانوں کے اس جغرافیائی جسم و جان کے اس حصے کو کاٹنے کے درپے ہے جسے قائد اعظم نے پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا۔
بھارتی افواج کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف آواز بلند کرنے والے ایک لاکھ کشمیریوں کا خون کر چکی ہیں ،بھارتی افواج کی درندگی سے شاید ہی مقبوضہ کشمیر کا کوئی گھر، کوئی خاندان یا کوئی فرد بچا ہو، مظلوم کشمیر ی آج بھی منتظر ہیں سلامتی کونسل کی ان قرار دادوں پر عمل کے جن کے تحت انہیں اپنا دیرینہ حق رائے دہی استعمال کر نا ہے۔