23 مارچ 2016
وقت اشاعت: 22:3
جان کیری نے داعش کومرتد قرار دے دیا
جیو نیوز - روم .........امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے غیرمعمولی طور پر سخت لب ولہجہ اختیار کرتے ہوئے سخت گیر جنگجو گروپ دولت اسلامیہ عراق وشام (داعش) کو مرتد قرار دے دیا ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انھوں نے اطالوی دارالحکومت روم میں داعش مخالف ممالک کے اجلاس کے بعد نیوز کانفرنس میں کہاکہ داعش درحقیقت قاتلوں ،اغوا کاروں ،جرائم پیشہ افراد ،ٹھگوں ،مہم جوؤں ،اسمگلروں اور چوروں کا ایک گروہ ہے ۔
انھوں نے داعش کے خلاف ایسے ہی الفاظ میں اپنی گفتگو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ وہ اس سب سے بڑھ کر مرتد ہیں۔ان لوگوں نے عظیم دین کو یرغمال بنا لیا ہے ،وہ اس کے حقیقی مفہوم اور مقصد کے بارے میں جھوٹ بول رہے ہیں اور اپنے مقاصد کے لیے لڑنے کی خاطر لوگوں کو دھوکا دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ مسلم فقہاء نے قرآنی تعلیمات کی روشنی میں اسلامی عقیدے کو چھوڑ کر مرتد ہونے والوں کے لیے سزائے موت کے حق میں فتویٰ دیے ہیں اور بیشتر اسلامی ممالک میں مرتدوں کے خلاف عدالتوں میں مقدمے چلا کر انھیں سزائے موت دی جاتی ہے۔
جان کیری امریکا کی قیادت میں داعش مخالف اتحاد میں شامل 23 ممالک کے اجلاس کے بعد جب اطالوی وزیر خارجہ پاؤلو جینٹیلونی کے ساتھ نیوز کانفرنس کررہے تھے تو اس دوران مظاہرین نے احتجاج شروع کردیا جس کی وجہ سے انھیں کچھ دیر کے لیے نیوز کانفرنس روکنا پڑی۔مظاہرین نے الزام عاید کیا ہے کہ امریکی پالیسی کی وجہ سے جنگجوؤں کو سر اٹھانے کا موقع ملا ہے۔