24 مارچ 2016
وقت اشاعت: 3:58
عراق اور شام میں داعش جنگجوئوںکی تعدادمیں بیس فیصد تک کمی
جیو نیوز - واشنگٹن.........امریکا کی ایک نئی انٹیلی جنس رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ داعش کے عراق اور شام میں مسلح ارکان کی تعداد پچیس ہزار کے لگ بھگ رہ گئی ہے۔اس سے پہلے ان کے جنگجوؤں کی تعداد اکتیس ہزار کے لگ بھگ تھی۔
امریکی انٹیلی جنس حکام کے مطابق میدان جنگ میں ہلاکتوں اور جنگجوؤں کے منحرف ہوجانے یا راہ فرار اختیار کرجانے کی وجہ سے داعش کے جنگجوئوں کی تعداد میں 20 فی صد تک کمی واقع ہوئی ہے۔رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکا کی قیادت میں داعش مخالف مہم پیش رفت کررہی ہے۔
وائٹ ہاؤس کے ترجمان جوش ایرنسٹ نے امریکا کی یہ انٹیلی جنس رپورٹ گزشتہ روز ایک نیوز کانفرنس کے دوران جاری کی اور کہا کہ داعش کی بڑی تعداد میں ہلاکتیں ہوئی ہیں اور امریکا کے اتحادی شراکت کاروں کی برسرزمین کارروائیوں کے بھی داعش کے خلاف اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
جبکہ امریکی حمایت یافتہ عراقی سکیورٹی فورسز اور قبائلی ملیشیا اور شام میں اعتدال پسند حزب اختلاف نے داعش کی بیخ کنی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔اسی طرح فضائی حملوں نے بھی داعش کی کمر توڑ دی ہے۔