2 اپریل 2016
وقت اشاعت: 11:48
امریکی پابندیاں مسترد،ایران عماد میزائل کو اپ گریڈ کرے گا
جیو نیوز - تہران........ایران نے امریکا کی تنقید اور پابندیوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے رواں سال کے دوران اپنے عماد بیلسٹک میزائلوں کو اپ گریڈ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اس حوالے سے ایران کے وزیر دفاع حسین دہقان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ روس سے آیندہ دوماہ کے دوران ایس 300 زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل دفاعی نظام بھی ملنا شروع ہوجائے گا۔قبل ازیں روس نے ایران پر عاید بین الاقوامی پابندیوں کی وجہ سے اس کو یہ میزائل دفاعی نظام مہیا کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
انہوں نے کہاکہ ہم عماد میزائل کی ترقی یافتہ قسم کو ایران کے نئے سال کے آغاز کے موقع پر منظرعام پر لائیں گے۔ ایرانی سال نو (نوروز) کا آغاز 20 مارچ کو ہوگا۔انھوں نے مزید کہا کہ عماد میزائل جوہری ڈیل یا اقوام متحدہ کی کسی قرارداد کی خلاف ورزی نہیں ہے کیونکہ ہم اس کے ذریعے جوہری وارہیڈ استعمال نہیں کریں گے۔
یہ محض ایک الزام ہی ہے۔ ان میزائلوں کی وسیع پیمانے پر پیداوار کا عمل مستقبل قریب میں شروع کیا جائے گا۔ایران نے گذشتہ سال اکتوبر میں عماد میزائل کا پہلی مرتبہ تجربہ کیا تھا اور اس کا کہنا تھا کہ یہ نیا میزائل اس کے روایتی سد جارحیت کا اہم حصہ ہو گا مگر امریکا نے ایران کو اس میزائل کے تجربے پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔