7 اپریل 2016
وقت اشاعت: 21:39
نیویارک جانیوالے طیارے واپس ہیتھرو ائیرپورٹ پراتار لیا گیا
جیو نیوز - لندن..........برطانوی ہوائی کمپنی ورجن اٹلانٹک نے تصدیق کی ہے کہ لندن سے نیویارک جانے والی ایک پرواز کے کاک پٹ پر لیزر شعاع پھینکے جانے کے واقعے کے بعد طیارے کو واپس ہیتھرو کے ہوائی اڈے پر اتار لیا گیا ۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جہاز کے عملے کے ایک فرد نے آئرش ایئر ٹریفک کنٹرول سے کہا تھا کہ ’ٹیک آف کے فوراً بعد لیزر شعاع پھینکے جانے کے باعث ایک پائلٹ کو طبّی نوعیت کی ہنگامی صورت حال درپیش ہے۔ہوائی کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ طیارہ اڑنے کے فوراً بعد اتوار کی شب پیش آیا تھا جس کے بعد حفاظتی اقدام کے طور پرطیارے کو واپس بلا لیا گیا تھا۔
واقعے کے وقت جہاز پر 252 مسافر جبکہ عملے کے 15 اراکین سوار تھے۔لندن پولیس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ ’ہوائی جہاز کو لیزر شعاع سے نشانہ بنائے جانے کے بعد مجبوراً واپس اتارنا پڑا ہے۔‘ورجن اٹلانٹک کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ لیزر سے نشانہ بنانے کے مقام کا تعین کرنے کے لیے حکام کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔
شہری ہوابازی کے ادارے کے مطابق برطانیہ میں جنوری 2015 سے جون 2015 کے درمیان 414 ’لیزر کے واقعات‘ رونما ہوئے تھے۔اس دوران سب سے زیادہ لیزر حملے ہیتھرو پر کیے گئے جن کی تعداد 48 تھی۔سی اے اے کے مطابق 2014 میں برطانیہ میں کل 1440 ایسے واقعات پیش آئے تھے جن میں 168 ہیتھرو پہ پیش آئے تھے۔