تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
9 اپریل 2016
وقت اشاعت: 18:16

سعودی سرحد پر دراندازی، 3 ایرانیوں سمیت 10 حوثی ہلاک

جیو نیوز - ریاض..........سعودی عرب کی بری افواج نے حوثی ملیشیا اور معزول صدر علی عبداللہ صالح کے حامیوں کی 7 گاڑیوں کو تباہ کردیا۔

یہ افراد جن میں 3 ایرانی بھی شامل تھے، مملکت کے جنوبی علاقے الربوعہ پر دھاوے بولنے کی کوشش کررہے تھے۔اس دوران سعودی فوج نے سرحدی پٹی پر الحرث ضلع کے مقابل باغیوں کے ٹھکانوں پر مارٹر گولے داغنے کا سلسلہ جاری رکھا۔ سعودی توپ خانے نے یمنی پہاڑی سلسلے ابونار پر موجود ٹھکانوں پر بھی گولہ باری کی۔

سعودی اخبار کے مطابق سعودی افواج کی جانب سے مملکت کے ضلع الخوبہ کی سمت مسلح حوثیوں کی دراندازی کی کوششوں کو بھی پسپا کردیا۔ اس دوران ایک سرحدی چوکی پر مارٹر گولے داغنے والوں میں سے 10 حوثیوں کو ہلاک کردیا گیا جب کہ مارٹر حملے میں سعودی کوسٹ گارڈز کا ایک اہل کار شہید ہوگیا۔

دوسری جانب عرب اتحادی افواج کے طیاروں نے گزشتہ روز صنعاء اور اس کے نواحی علاقوں کے علاوہ اِب، مارب اور الجوف کے صوبوں میں بھی حوثی اور معزول صدر صالح کی ملیشیاؤں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ جنوبی صوبے لحج میں القاعدہ کے مسلح عناصر کے زیرکنٹرول کم از کم 3 ٹھکانوں پر بھی بمباری کی گئی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.