12 اپریل 2016
وقت اشاعت: 14:44
ابوبکر بغدادی پھر منظرعام پر ، تازہ فوٹیج جاری
جیو نیوز - لندن ..........داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کا ایک تازہ ویڈیو فوٹیج منظرعام پر آیا ہے جس میں شاذ و نادر ہی نظر آنے والےخود ساختہ امیرالمومنین کو عراقی شہر فلوجہ کی ایک مسجد میں بچوں سے بات کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق عراق کے ایک مقامی ٹی وی چینل نے یہ تصویریں دکھائی ہیں جن کی آزاد ذرائع سے کوئی تصدیق نہیں ہوسکی ہے لیکن ایسا لگتا ہے کہ یہ وہاں بچوں کے ایک چھوٹے سے ہجوم سے خطاب کرر ہے ہیں۔ وڈیو کے پس منظر میں دکھائےگئے بینر پر درج تھا کہ داعش کے زیراہتمام حفظ قرآن کے مقابلہ، بغدادی انعامات عطا کریں گے۔
بغدادی جو پوری دنیا کو مطلوب شخص ہے، شاذونادر ہی منظرعام پر آتے ہیں۔ اس سے قبل بغداری گزشتہ سال جولائی کے دوران اس وقت منظرعام پر آئے تھے جب وہ موصل کی جامع مسجد میں نماز جمعہ کی امامت کررہے تھے اس سے دو ماہ قبل ان کے جنگجوئوں نے اس عراقی شہر پر قبضہ کیا تھا۔
دہشت گردی سے متعلق تحقیق و تجزیہ کے ایک ادارہ کے ماہرین نے کہا ہے کہ فوٹیج میں شامل دیگر افراد میں بغدادی کا ایک ہم شکل بھی دیکھا گیا جو سیکوریٹی کی حکمت عملی کے تحت اس کے ساتھ رکھا جاتا ہے کیونکہ امریکہ پہلے ہی بغدادی کے سر پر 10 ملین ڈالر کے انعام کا اعلان کرچکا ہے۔
تازہ فوٹیج میں بغدادی کے ساتھ سر پر کپڑا اوڑھے ہوئے ایک شخص بھی دکھایا گیا ہے جو بعدازاں مقابلہ کے کامیاب طلبہ میں انعامات تقسیم کررہا تھا۔