12 جولائی 2012
وقت اشاعت: 14:43
افغان طالبان کی خاتون کی ہلاکت میں ملوث ہونے کی تردید
جیو نیوز - کابل… افغان طالبان نے سرعام خاتون کوہلاک کئے جانے کے واقعہ میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔ ایک غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق طالبان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے واقعہ کی تفتیش کی،جس سے معلوم ہوا کہ خاتون کو مقامی لوگوں کے فیصلہ پر قتل کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کابل حکومت کے کچھ اہلکاروں کی جانب سے قتل میں مجاہدین کو ملوث کرنے کا الزام جھوٹا اور بے بنیاد ہے۔ افغان دارالحکومت کے شمال میں تقریبا سو کلو میٹر دور ایک گاوٴں میں 22سالہ خاتون کو بدکرداری کے الزام میں درجنوں لوگوں کے سامنے گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ افغان حکام نے خاتون کے قتل کا الزام شدت پسندوں پر عائد کیا تھا اور صدر حامد کرزئی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے غیر اسلامی فعل قرار دیتے ہوئے ملوث افراد کو گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا۔