12 جولائی 2012
وقت اشاعت: 14:59
کرزئی کی ملا عمر کو ہتھیار پھینک کر سیاست میں حصہ لینے کی پیش کش
جیو نیوز - کابل…افغان صدر حامد کرزئی نے طالبان رہنما ملا عمر کو پیشکش کی ہے کہ وہ ہتھیار پھینک دیں تو وہ نہ صرف سیاست میں حصہ لے سکتے ہیں بلکہ اگر عوام نے انہیں وٹ دیے تو وہ ملک کی قیادت بھی سنبھال سکتے ہیں کابل میں پریس کانفرنس سے خطاب میں افغان صدر نے ایک بار پھر طالبان اور طالبان رہنما ملا عمر کو ہتھیار پھینک کر مذاکرات کی پیشکش کی ۔ان کا کہنا تھا کہ ملا عمر افغان حکومت کیخلاف لڑائی چھوڑ دیں ۔اگر وہ ہتھیار پھینک دیں تو وہ افغانستان میں اپنا سیاسی دفتر کھول سکتے ہیں اور اپنے ساتھیوں کیساتھ مل کر سیاسی جماعت بھی بنا سکتے ہیں ۔افغان صدر نے کہا کہ ملا عمر سیاست میں حصہ لینے کے ساتھ انتخابات میں امیدوار کی حیثیت سے کھڑے ہوسکتے ہیں اور عوامی حمایت ملنے پر وہ افغانستان کی قیادت سنبھال سکتے ہیں ۔اس سے پہلے طالبان کئی بار افغان حکومت کی طرف سے امن مذاکرات کی پیشکش مسترد کرچکے ہیں۔