18 جولائی 2012
وقت اشاعت: 13:43
اقوام متحدہ کے تحت دنیا بھر میں نیلسن منڈیلا کی سالگرہ
جیو نیوز - اقوام متحدہ… حریت،عزم،ہمت اورنسلی امتیازات کے خلاف جدو جہد کی وجہ سے دنیا بھر میں مقبول جنوبی افریقہ کے سیاہ فام صدر نیلسن منڈ یلا آج 94 ویں سالگرہ منارہے ہیں۔ اٹھارہ جولائی نیلسن منڈیلا کا یوم پیدائش ہے ، یہ کتنی حیرت انگیز بات ہے کہ وہ دنیا جہاں انسان انسان کا دشمن بنا ہوا ہے، ایک انسان دوسرے کو جینے کا حق نہیں دینا چاہتا ،وہیں اسی خود غرض دنیا میں نیلسن مینڈیلا کی پیدائش کا دن اقوام متحدہ کے تحت منایاجاتا ہے۔ ایک وکیل، مجاہدِ آزادی، بہادر سیاسی قیدی، امن کا پرچارکرنیوالے، قوم کے مسیحا نیلسن منڈیلا کو تدبر، جرات اور خود داری کی مثال کہاجاتاہے۔ کروڑوں لوگوں کے محبوب نیلسن مینڈیلا خوشحال ترین گھرانے میں پیدا ہوئے،لیکن آرام کی زندگی ترک کردی اورانسانیت کے دکھوں کو کم کرنے کے لیے اپنی زندگی وقف کر دی۔ کوئی مشکل،رکاوٹ ،مصیبت انہیں اس راستے سے نہ ہٹاسکی۔ نیلسن منڈیلا نے کروڑوں مظلوموں کے گلے سے نسلی امتیاز کا طوق اتار ڈالا۔ مظلوموں کے لئے جدوجہد کے جرم میں روبن آئی لینڈ پر ستائیس برس کی قیدِ تنہائی اس سیاہ فام بہادر کو نہ جھکاسکی۔ منڈیلا نے ثابت کیا کہ اگر رہنما بے لوث اور ثابت قدم ہو تو پیچیدہ ترین مسائل بھی جنگ و جدل کے بغیر حل ہوسکتے ہیں۔ آج نیلسن مینڈیلا چورانوے برس کے ہوگئے ہیں ، وہ خود کہیں نہیں جاتے دنیا خود چل کے ان کے پاس آتی ہے۔ ان سے ملنے والے ان کے سحر میں گرفتار ہوجاتے ہیں۔ اگرچہ ہم نیلسن مینڈیلا سے نہیں ملے ،لیکن ہم یہ تو فخر کرسکتے ہیں کہ ہم نیلسن مینڈیلا کے عہد میں زندہ ہیں۔