21 جولائی 2012
وقت اشاعت: 9:38
نمیبیا میں پانی کے وسیع ذخائر کی دریافت
جیو نیوز - ونڈھوک… بر اعظم افریقہ کے ملک نمیبیا میں پانی کے وسیع ذخائر دریافت ہوئے ہیں،سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ یہ ذخیرہ چار سو سال تک کام دے سکتا ہے۔نمیبیا میں دریافت ہونے والے پانی کے ذخائر کے بارے میں سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ پانی دس ہزار سال پرانا ہے لیکن پینے کے لیے آج کے کسی بھی ذخیرے سے زیادہ صاف ہے۔ شمالی نمیبیا میں اس وقت صورتحال یہ ہے کہ کچھ لوگوں کے پاس پینے کے لیے بہت پانی ہے تو کچھ کے پاس انتہائی کم ہے۔علاقے کے آٹھ لاکھ لوگ انگلولا سے آنے والی چالیس سال پرانی ایک نہر سے پانی حاصل کرتے ہیں۔ نیا ذخیرہ انگلولا اور نمیبیا کی سرحد کے نیچے بہتا ہے۔پانی کی تلاش میں مصروف پراجیکٹ مینیجر کے مطابق یہ بہت بڑا ذخیرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس پانی نے دس ہزار برس زیر زمین گزارے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ یہ اس وقت زمین سے نیچے گیا ہو گا جب ماحولیاتی آلودگی نہیں تھی اور کہا جا سکتا ہے کہ اس کا معیار بہتر ہو گا۔