13 ستمبر 2012
وقت اشاعت: 7:36
لندن : 200 سعودی باشندوں سمیت سیکڑوں طلبہ کے ویزے منسوخ
جیو نیوز - لندن … برطانوی حکام نے لندن کی میٹروپولیٹن یونیورسٹی میں زیرتعلیم 200 سعودیوں سمیت سیکڑوں غیرملکی طلبہ کے ویزوں کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، مذکورہ فیصلے کے بعد ان طلبہ کو بے دخل کرکے ان کے آبائی ممالک میں واپس بھیجا جارہا ہے۔ لندن میٹروپولیٹن یونیورسٹی کی طلبہ یونین کے صدر کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے نہ صرف ان کی جامعہ میں زیر تعلیم طلبہ متاثر ہوں گے بلکہ دوسری جامعات کے طلبہ کے بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ لندن میں سعودی سفارتخانے میں متعین کلچرل اتاشی فیصل ابا الخیل نے العربیہ کو بتایا ہے کہ اس وقت برطانیہ کے کالجز اور یونیورسٹیوں میں ان کے ملک سے تعلق رکھنے والے 17ہزار سے زیادہ طلبہ زیرتعلیم ہیں اور سعودی حکومت ان کے تمام تعلیمی اخراجات برداشت کررہی ہے۔ ان کے علاوہ ان کے ہزاروں ہم وطن اپنے خرچ پر بھی برطانیہ میں زیرتعلیم ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ لندن میٹروپولیٹن یونیورسٹی میں زیر تعلیم سعودی طلبہ کے معاملے کا جائزہ لینے کیلئے ایک کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔