تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
14 ستمبر 2012
وقت اشاعت: 6:38

امریکا نے حزب اللہ سربراہ سمیت 3 رہنماوٴں پر نئی پابندیاں عائد کردی

جیو نیوز - واشنگٹن … امریکا نے لبنان کی تنظیم حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ اور دیگر 2 رہنماوٴں پر شام کے صدر بشارالاسد کی حمایت جاری رکھنے پر نئی پابندیاں عائد کردی ہیں۔ امریکا کی جانب سے عائد کردہ نئی پابندیوں کے تحت حزب اللہ کی مذکورہ تینوں شخصیات امریکیوں کے ساتھ کسی قسم کا کاروبار یا مالی لین دین نہیں کرسکیں گی۔ امریکی محکمہ خزانہ کے انڈر سیکریٹری برائے دہشت گردی اور مالیاتی انٹیلی جنس ڈیوڈ کوہن نے ایک بیان میں حزب اللہ پر شا م کی آرمڈ فورسز کو تربیت دینے، انہیں مشورے اور لاجسٹک سپورٹ مہیا کرنے کا الزام عائد کیا ہے اور کہا ہے کہ اس نے شامی سیکیورٹی فورسز کو پاسداران انقلاب ایران سے بھی تربیت دلانے میں سہولت کنندہ کا کردار ادا کیا تھا، جس سے علاقائی استحکام خطرے سے دوچار ہوگیا ہے اور اس سے لبنان کی سلامتی کیلئے بھی براہ راست خطرات پیدا ہوگئے ہیں۔ یاد رہے کہ امریکا نے سن 2001ء میں حزب اللہ کو ایک دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا اور اس کے بعد سے اس پر امریکا کی جانب سے مختلف مواقع پر اقتصادی اور دیگر پابندیاں عائد کی جاچکی ہیں۔ پابندی کے شکار دیگر دو افراد میں حزب اللہ رہنما مصطفی امین بدر الدین اور حزب اللہ ایکسٹرنل سیکیورٹی آرگنائزیشن کے سربراہ طلال ہامیہ شامل ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.