17 ستمبر 2012
وقت اشاعت: 3:33
گستاخانہ فلم : دنیا بھر میں امریکی سفارتخانوں کے سامنے مظاہرے
جیو نیوز - کراچی … گستاخانہ فلم کے خلاف دنیا بھر میں احتجاج جاری ہے، مختلف ممالک میں امریکی سفارتخانوں کے سامنے مظاہرے کئے گئے۔ امریکا میں بننے والی توہین آمیز فلم پر دنیا بھر میں مسلمانوں کا غم و غصہ برقرار ہے۔ لندن میں خواتین اور بچوں سمیت سیکڑوں افراد امریکی سفارتخانے کے باہر جمع ہوئے اور پْرامن احتجاج کیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ کسی کو بھی پیغمبر اسلام اور شعائر اسلام کی توہین کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ تاہم انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ گستاخانہ فلم کے خلاف پرتشدد مظاہروں کے بجائے پُرامن احتجاج کریں۔ ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں امریکی سفارتخانے کے باہر مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین نے امریکا کے خلاف نعرے لگائے۔ ادھر لبنان میں تنظیم حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ نے مظاہروں کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گستاخانہ فلم کے خلاف امریکی سفارتخانوں کے سامنے احتجاج کیا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس شرانگیز فلم کو ریلیز ہونے سے روکا جائے اور اس کے انٹرنیٹ پر جاری کئے گئے حصے فوراً ہٹائے جائیں۔ سعودی عرب کے مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مسلمان اپنے مظاہروں میں تشدد کا عنصر نہ شامل ہونے دیں کیونکہ اس طرح گستاخانہ فلم بنانے والوں کے مقاصد پورے ہوں گے۔ لیبیا کے شہر بن غازی میں امریکی قونصلیٹ پر حملے کے الزام میں 50افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ حملے میں امریکی سفیر سمیت 4امریکی ہلاک ہوئے تھے۔ مقبوضہ کشمیر کی جماعت متحدہ علمائے اہل سنت نے اپیل کی ہے کہ دنیا بھر کے مسلمان توہین آمیز فلم کے خلاف امریکی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں۔