21 ستمبر 2012
وقت اشاعت: 8:59
جنوبی افریقہ: کان کنوں نے ہڑتال کے بعد دوبارہ کام کا آغاز کردیا
جیو نیوز - جوہانسبرگ… جنوبی افریقہ میں کان کنوں نے 6 ہفتے جاری رہنے والی ہڑتال کے بعد گزشتہ روز دوبارہ کام کا آغاز کردیا۔ جمعرات کی صبح ماریکانا کان پر مزدوروں کی چہل پہل نظر آئی جن میں سے اکثرکے چہرے کان کی انتظامیہ اور مزدوروں کے مابین ہونے والے تنخواہ کے معاملات حل ہونے کے باعث خوشی سے چمک رہے تھے۔ مزدوروں کا کہنا تھا کہ وہ اپنے مطالبات کے پورا ہونے پر کافی خوش ہیں ۔ایک 24 سالہ کان کن نے بتایا کہ ان کی ہڑتال ختم ہو جانے پر وہ اور اس کا خاندان بہت خوش ہیں کیونکہ وہ اپنے بوڑھے باپ اور دو بہنوں کی کفالت کررہا ہے۔ کان کنوں کا کہنا تھا کہ اگرچہ 16 اگست کو ہونے والے ہلاکتوں کے واقعے اور دیگر واقعات میں ان کے 46 ساتھی پولیس کے ساتھ مختلف جھڑپوں میں ہلاک ہو چکے ہیں تاہم اب وہ نئے سرے سے کام شروع کرنے کے خواہاں ہیں ۔