23 ستمبر 2012
وقت اشاعت: 3:11
گستاخانہ فلم کے خلاف دنیا بھر میں احتجاج،مظاہرے
جیو نیوز - کراچی…گستاخانہ فلم کے خلاف دنیا بھرمیں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے،مسلم ملکوں کے علاوہ مغربی ممالک میں بھی مسلمان مظاہرے کرکے اپنے جذبات کا اظہار کررہے ہیں۔جرمنی کے شہر پورٹ منڈ میں سیکڑوں افراد نے احتجاجی ریلی نکالی۔ شرکا میں بڑی تعداد میں خواتین اوربچے بھی شامل تھے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ اظہار رائے کی آزادی کی حدود ہوتی ہیں۔ مسلمان اپنے پیغمبر صلی اللہ علیہ وسلم کی توہین برداشت نہیں کرسکتے۔لبنان کے شہر بنت ِ جبیل میں حزب اللہ کے زیر اہتمام بہت بڑا جلوس نکالا گیا جس میں بچوں،بزرگوں اور خواتین سمیت ہزاروں افراد شریک تھے۔ مظاہرین راستے بھر امریکا اور گستاخانہ فلم کے خلاف نعرے لگاتے رہے۔بنگلادیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں بھی ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔ مظاہرین نے شہر کے مرکزی حصے میں واقع سیکریٹریٹ اور پریس کلب کی طرف جانے کی کوشش کی۔ پولیس نے مظاہرین کو روکنے کے لیے آنسو گیس استعمال کی اور لاٹھی چارج کیا جس سے درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔ مشتعل مظاہرین نے پولیس کی ایک گاڑی سمیت کئی گاڑیوں کو آگ لگادی۔نائیجیریا کے دارالحکومت کانو میں شہر کے مختلف حصوں سے جلوس نکالے گئے جس کے بعد مرکزی جلسہ منعقد کیا گیا جس میں خواتین سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے امریکی صدر اوباما کے پتلے اور امریکی پرچم جلائے اور امریکا،اسرائیل اور گستاخانہ فلم کے خلاف نعرے لگائے۔