29 ستمبر 2012
وقت اشاعت: 10:0
بھارت کی قومی سلامتی کے مشیر برجیش مشرا چل بسے
جیو نیوز - نئی دہلی… بھارت کی قومی سلامتی کے سابق مشیر برجیش مشرادل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے،ان کی عمر84سال تھی۔ برجیش مشرا کچھ عرصے سے شریان کے عارضے میں مبتلا تھے ،گزشتہ رات انہیں تکلیف کے بعد اسپتال لے جایا گیا،جہاں وہ انتقال کر گئے۔ برجیش مشرا بھارت کے ممتاز سفارت کار تھے ،وہ قومی سلامتی کے مشیر مقرر ہونے سے پہلے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کے پرنسپل سیکریٹری تھے۔ وہ مسٹر واجپائی کے پر اعتماد ساتھیوں میں شمار ہوتے تھے ، اور 1999 کے کارگل تنازع میں انہوں نے وزیر اعظم واجپائی کے لئے انتہائی اہم کردار اداکیا۔ اس دور میں انہیں وزیر اعظم ہاوٴس کا انتہائی با اثر فرد سمجھا جاتا تھا ،جنہوں نے خارجہ پالیسی کے امور میں انتہائی اہم کردار ادا کیا۔ وہ وزارت خارجہ میں سیکریٹری کے عہدے سے ریٹائر ہوئے،اس سے قبل وہ اقوام متحدہ میں بھارت کے مستقل مندوب بھی رہے۔ 2004میں اتحادی حکومت کے خاتمے اور مسٹر واجپائی کی سیاست سے دوری کے بعد برجیش مشرا نے خود کو بی جے پی سے دور کرلیا اور کئی مواقع پرخارجہ پالیسی کے بارے میں پارٹی موقف کی تنقید کی۔