18 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 18:54
ملالہ یوسف زئی پر حملہ پاکستان کیلئے سبق ہے، افغان صدر حامد کرزئی
جیو نیوز - کابل … افغان صدر حامد کرزئی نے کہا ہے کہ ملالہ یوسف زئی پر حملہ پاکستان کیلئے سبق ہے۔ کابل میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے صدر کرزئی کا کہنا تھا کہ ملالہ واقعہ پاکستان کیلئے سبق ہے کہ شدت پسندی کا دوسروں کے خلاف استعمال خود پاکستان کے مفاد میں بھی نہیں ہوگا، یہ بات پاکستان کے عوام اور حکام سمجھ چکے ہیں، پاکستان کی حکمت عملی پاکستان کیلئے بھی نقصان دہ ثابت ہورہی ہے، شدت پسندی کیخلاف مخلصانہ کارروائیوں میں پاکستان کو ساتھ دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شدت پسندی پاکستان اور افغانستان کیلئے خطرہ بنی ہوئی ہے، افغانستان میں طالبان کی بڑھتی ہوئی کارروائیاں پاکستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کا نتیجہ ہیں۔ صدر کرزئی کا کہنا تھا کہ شدت پسندی ایک سانپ کی مانند ہے جو گھوم کر کسی کو بھی کاٹ سکتا ہے جو اسے کسی اور کے خلاف استعمال کرے۔