21 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 9:30
فلسطین: اظہار یک جہتی کے لیے آنے والے کشتی کو اسرائیل نے روک لیا
جیو نیوز - غزہ…اسرائیلی بحریہ کے اہلکاروں نے غزہ کی پٹی میں محصور فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کے لیے آنے والے کشتی ایم وی اسٹیلے جس پر فن لینڈ کا پرچم لہرا رہا تھا پر قبضہ کر لیا ہے اوراس پر سوار فلسطینی نواز کارکنان اور ارکان پارلیمان کو گرفتار کرلیا ہے۔اسرائیلی فوج نے ہفتے کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ ''اسرائیلی بحریہ کے اہلکار وں نے غزہ کی جانب جانے والی کشتی ایم وی اسٹیلے پر سوار ہو گئے۔ یہ کشتی اسرائیلی فوج کا بحری محاصرہ توڑنے کی کوشش کر رہی تھی، کشتی پر سوار مسافروں نے کوئی مزاحمت کی ہے اور نہ تشدد کا کوئی واقعہ پیش آیا ہے۔اس سے قبل کشی کے منتظمین نے 'اے ایف پی' کو بتایا تھا کہ کشتی پر غزہ کی پٹی سے پینتیس ناٹیکل میل دور حملہ کیا گیا تھا اور اس کو اسرائیل کے بحری جہازوں نے گھیرے میں لے لیا تھا۔فلسطینیوں کے ہمدرد انسانی حقوق کے بین الاقوامی کارکنان اسرائیلی فوج کی جانب سے گذشتہ سات سال سے جاری غزہ کی پٹی کے بری، بحری اور فضائی محاصرے کی مذمت کرتے چلے آ رہے ہیں اور وہ ماضی میں متعدد مرتبہ اسرائیلی فوج کے محاصرے کو توڑنے کی ناکام کوشش کر چکے ہیں۔