28 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 8:0
امریکا میں سیاہ فاموں کیخلاف تعصب میں اضافہ ہواہے، سروے
جیو نیوز - واشنگٹن…ایک سروے کے مطابق امریکی عوام میں سیاہ فام افراد کے خلاف تعصب میں اضافہ ہوا ہے جس کے باعث بارک اوباما کو 2008 کے مقابلے میں 5 فیصد کم ووٹ ملیں گے۔ جب کہ امریکا کے ایک معروف اخبار نے بارک اوباما کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔امریکی خبر ایجنسی کی جانب سے کیے گئے سروے میں سفید فام امریکیوں سے سیاہ فام امریکیوں کے متعلق براہ راست سوالات کیے گئے۔ جس میں 51 فیصد افراد نے تعصب کا اظہار کیا۔ 2008 میں متعصب امریکیوں کی شرح 48 فیصد تھی۔براہ راست سوالات کے علاوہ رجحان ٹیسٹ میں بھی 56 فیصد امریکیوں نے سیاہ فام افراد کے بارے میں نسلی تعصب کا مظاہرہ کیا۔ 2008 میں ایسے ٹیسٹ میں تعصب کا مظاہرہ کرنے والے امریکیوں کی تعداد 49 فیصد تھی۔دوسری جانب معروف امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے بارک اوباما کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے ان کو صدارت کے لیے موزوں قرار دیا ہے۔ اخبار کے مطابق 1965 کے بعد بارک اوباما پہلے صدر ہیں جنھوں نے صحت کے شعبے میں بھرپور اصلاحات کیں۔ اقتصادی کساد بازاری کو روکا اور عراق جنگ کا خاتمہ کیا۔ اس لیے وہ امریکی عوام کے لیے بہتر ثابت ہوں گے۔