30 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 15:12
امریکا میں سینڈی طوفان کی تباہ کاریاں،16افراد ہلاک
جیو نیوز - واشنگٹن…سمندری طوفان امریکی ریاست نیو جرسی سمیت ساحلی علاقوں سے ٹکرا گیا ہے ،طوفان کے باعث مختلف حادثات میں کم از کم16افراد ہلاک ہوگئے ، لاکھوں افراد بجلی سے محروم ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سمندری طوفان سینڈی کے باعث امریکا کی 9ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ ہے اور فوج ہائی الرٹ ہے۔حکام کے مطابق طوفان سینڈی کے باعث نیوجرسی میں اب تک دوافراد ہلاک ہوئے۔نیویارک کے علاقے کوئنز میں درخت گرنے سے تین افراد ہلاک ہوئے جبکہ امریکی میڈیا کا کہنانیویارک میں اب تک پانچ افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں تین بچے بھی شامل ہیں ، طوفان کے باعث نیویارک کے علاقے مین ہیٹن کے نشیبی علاقوں میں سیلابی پانی داخل ہوگیا جہاں پانی کی سطح 13فٹ تک ہوچکی ہے، بعض علاقوں میں گاڑیاں بھی تیرتی دیکھی جارہی ہیں،مین ہیٹن میں ایک زیر تعمیر عمارت کو نقصان پہنچا جبکہ ایک زیر تعمیر عمارت پر نصب کرین تباہ ہوگئی۔نیویارک میں زیرزمین راستے پانی سے بھر گئے ہیں ۔طوفان کے باعث نیویارک کے مختلف علاقوں میں بجلی بھی معطل ہے۔نیویارک کے میئر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ شہری گھروں تک ہی محدود رہیں، میئر کا کہناہے کہ بجلی کے بدترین بحران سے ڈھائی لاکھ گھر بجلی سے محروم ہیں۔کئی ریاستوں میں اسکول اورذرائع آمدو رفت بند ہے۔مشرقی ساحلی پٹی پر موجود دو تہائی آئل ریفائنریز کو سینڈی طوفان کی وجہ سے بند کردیا گیا ہے ۔نیویارک اسٹاک ایکسچینج سمیت امریکا کے مالیاتی ادارے منگل کو مسلسل دوسرے روز سینڈی طوفان کی وجہ سے بند رہیں گے۔خبررساں ادارے کا کہنا ہے کہ طوفان کے باعث 6 کروڑ سے زا ئد افراد کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔سمندری طوفان سینڈی امریکا کی تاریخ کے بڑے طوفانوں میں سے ایک ہے۔