15 نومبر 2012
وقت اشاعت: 2:13
یورپی ممالک میں اقتصادی اصلاحات کیخلاف مظاہرے
جیو نیوز - لندن. . . .یورپ میں سخت معاشی پالیسیوں کے خلاف عوام کا غم و غصہ بڑھتا جارہا ہے۔ احتجاج کی لہر نے کئی یورپی ممالک کو لپیٹ میں لے لیا ہے جہاں ہڑتالوں اور پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔یورپی ٹریڈ یونین کنفیڈریشن نے بدھ کے دن کو یوم عمل قرار دیتے ہوئے ہڑتال اور مظاہروں کا اعلان کیا تھا۔ تنخواہوں میں کٹوتی، بڑھتی ہوئی بے روزگاری، ٹیکسوں میں اضافے اور کفایت شعاری کے اقدامات کے خلاف ہڑتال اور مظاہروں میں 23 ممالک کے 40ورکرز تنظیموں نے حصہ لیا۔ اسپین اور پرتگال میں ہڑتال کی وجہ سے ٹرانسپورٹ کا نظام اور کاروبار بری طرح متاثر ہوا جبکہ سیکڑوں پروازیں بھی منسوخ کرنی پڑیں۔اسپین ، پرتگال اور اٹلی میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ مظاہرین نے پولیس پر پتھر اور بوتلیں پھینکیں، توڑ پھوڑ کی اور جلاوٴ گھیراوٴ کیا۔ جواب میں پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا اور ربر کی گولیاں فائر کیں۔اسپین میں پولیس نے 142 مظاہرین کو گرفتار کرلیا۔ جھڑپوں میں 74 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں 43 پولیس اہل کار ہیں۔پرتگال میں بھی جھڑپوں کے دوران 5مظاہرین جبکہ اٹلی میں 17 پولیس اہل کار زخمی ہوئے۔فرانس ، بیلجئم ، برطانیہ ، پولینڈ ، یونان اور دیگر ممالک میں بھی ریلیاں نکالی گئیں۔