15 نومبر 2012
وقت اشاعت: 17:54
غزہ:اسرائیلی حملے جاری، مزید 2 فلسطینی شہید، تعداد 15 ہوگئی
جیو نیوز - غزہ … غزہ میں اسرائیل کے حملے جمعرات کو بھی جاری رہے ، جن میں مزید 2 فلسطینی شہید ہوگئے، 2 روز کے دوران اسرائیلی فضائیہ کے حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 15 ہوگئی ہے۔ بدھ کی شام حماس کے عسکری ونگ کے سربراہ الجابری کی شہادت کے بعد اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے 150 سے زائد فضا ئی حملے کئے جاچکے ہیں، حملوں میں 15 افراد جاں بحق اور 150 زخمی ہوگئے ہیں۔ حماس کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی حملوں کے بعد جنگ بندی کیلئے مذاکرات کی تجویز مسترد کردی گئی ہے۔ اسرائیل کی جانب سے مذاکرات کے جھوٹے دعووٴں میں نہیں آئیں گے۔ اسرائیل سے اس وقت مذاکرات کرنا غزہ میں بڑھتی ہوئی جارحیت کو چھپانے کے مترادف ہوگا۔ ادھر اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ غزہ آپریشن کے دوران کوشش کی جائے گی کہ عام شہریوں کی ہلاکت نہ ہو۔ مصری صدر محمد مرسی نے کہا ہے کہ غزہ پر اسرائیلی جارحیت ختم کرنے کیلئے فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑے ہوجائیں۔