17 نومبر 2012
وقت اشاعت: 21:16
غزہ پر اسرائیلی بمباری جاری، مزید 16فلسطینی شہید، تعداد 46ہوگئی
جیو نیوز - غزہ … غزہ پر اسرائیلی فضائیہ کی بمباری ہفتے کے روز بھی جاری رہی جس میں 16 فلسطینی شہید ہوگئے، اب تک جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد 46 ہوگئی جبکہ 390 افراد زخمی بھی ہیں، شہداء میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ غزہ پر چوتھے روز بھی اسرائیل کے فضائی حملے جاری رہے، غزہ کے اطراف تمام مرکزی شاہراہیں اسرائیلی فوج نے بند کی ہوئی ہیں اور علاقے کو ملٹری زون قرار دیا گیا ہے۔ غزہ کی سرحد پر اسرائیلی فوج کے زمینی دستے، بکتر بند گاڑیاں اور ٹینک تیار کھڑے ہیں۔ ہفتے کو رفاہ اور مغاذی پناہ گزین کیمپ کو اسرائیلی طیاروں نے نشانہ بنایا۔ مغربی کنارے کے علاقے نابلوس میں بھی اسرائیلی فوج اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں جس میں اسرائیلی فوج کے تشدد سے متعدد فلسطینی زخمی بھی ہوئے۔ ہفتے کے روز اسرائیلی فضائی حملوں میں 16 فلسطینی شہید ہوئے جس کے بعد وحشیانہ بمباری میں جاں بحق افراد کی تعداد 46 ہوگئی جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں جبکہ ان حملوں میں زخمیوں کی تعداد 390 سے تجاوز کر گئی ہے۔ ادھر قاہرہ میں عرب لیگ کے خصوصی اجلاس میں اسرائیلی حملوں کے خلاف فلسطینیوں کی مدد اور حمایت برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔ عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ غزہ سے اسرائیلی فوج کا محاصرہ فوری ختم ہونا چاہئے۔