تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
18 نومبر 2012
وقت اشاعت: 15:33

غزہ پر اسرائیلی حملے جا ری،جاں بحق افراد کی تعداد62تک جا پہنچی

جیو نیوز - غزہ…غزہ پر اسرائیل کے تازہ حملوں میں 10 فلسطینی جاں بحق ہو گئے۔ 5 روز میں مرنے والوں کی تعداد 62 ہو گئی ہے اور 600 سے زائد افراد زخمی ہیں۔ اسرائیلی جارحیت کے خلاف دنیا بھر میں مظاہرے کئے جارہے ہیں۔ ساتھ ہی تنازع کے حل کیلئے کوششیں بھی جاری ہیں۔ اسرائیل نے آج غزہ شہر کے نصر ڈسٹرکٹ میں ایک عمارت کو نشانہ بنایا، اب تک ملبے سے دس افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں جن میں 6 بچے اور تین خواتین بھی شامل ہیں۔اسرائیلی حکومت زمینی حملے کی بھی دھمکی دی ہے۔ وزیراعظم نیتن یاہو نے کابینہ سے خطاب میں کہا کہ حماس کے خلاف زمینی کارروائی کے لیے بری فوج تیار کھڑی ہے۔امریکی صدر بارک اوباما نے اسرائیل کی مذمت کرنے کے بجائے فلسطینیوں سے اسرائیل پر راکٹ حملے روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ بنکاک میں انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو اپنے دفاع کا پورا حق ہے۔دوسری جانب کئی ممالک میں اسرائیل کے خلاف شدید احتجاج کیا جارہا ہے۔مقبوضہ کشمیر میں خواتین نے مظاہرہ کیا اور اسرائیل کے جھنڈے جلائے۔ ٹوکیو میں اسرائیلی سفارت خانے کے سامنے مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرں نے اسرائیل سے جارحیت روکنے کا مطالبہ کیا۔ہانگ کانگ میں بھی لوگ فلسطینیوں کی حمایت میں سڑکوں پر نکل آئے اور اسرائیلی قونصلیٹ کی طرف مارچ کیا، اس کے علاوہ یونان ، ترکی ، انڈونیشیا ، چلی ، آسٹریلیا ، مصر اور دیگر ممالک میں بھی اسرائیل کی ظالمانہ کارروائیوں کے خلاف مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔غزہ کا بحران حل کرنے کیلئے مصری حکومت کی کوششیں جاری ہیں اور اسرائیلی عہدے دار بات چیت کے لئے قاہرہ پہنچ گیا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون بھی پیر کو مصر آئیں گے۔ عرب لیگ نے بھی کہا ہے کہ اس کا وزارتی وفد صورتحال کا جائزہ لینے منگل کو غزہ جائے گا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.