21 نومبر 2012
وقت اشاعت: 1:53
غزہ پر اسرائیلی حملوں میں جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد136 ہوگئی
جیو نیوز - غزہ . . .. .غزہ پر اسرائیل کے تباہ کن حملوں میں جاں بحق ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 136 ہوگئی ہے، ان میں 31 سے زیادہ بچے ہیں۔ حماس کے راکٹ حملوں میں اب تک ایک فوجی سمیت 5 اسرائیلی ہلاک ہوچکے ہیں۔ فریقین کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ بھی طے نہیں پاسکا۔ اس صورتحال میں امریکی وزیرخارجہ اسرائیل پہنچ گئی ہیں۔تباہی پھیلانے اور مذموم مقاصد حاصل کرنے کے لئے جنگ بندی کی کوششوں کو بھی نظر انداز کیا جا رہا ہے یہی وجہ ہے کہ معاہدے کے قریب پہنچ کر بھی جنگ بندی نہ ہوسکی۔حماس کے عہدیداروں کو کہنا پڑاکہ مصر میں ہونے والے مذاکرات میں پیش کی گئی تجاویز کا اسرائیل نے کوئی جواب نہیں دیا۔ اس لئے جنگ بندی کے معاہدے پر دست خط نہ ہوسکے ۔ فلسطینیوں کی حالت زار سے دنیا کو باخبر کرنے والا میڈیا بھی اسرائیلی جنون سے محفوظ نہیں۔۔ غزہ میں ایک عمارت کو نشانہ بنایا گیا جہاں غیر ملکی میڈیا کے دفاتر ہیں۔ تین دن میں میڈیا کے دفاتر پر یہ تیسرا حملہ ہے۔غزہ پر حملے شروع ہونے کے ایک ہفتے بعد بالآخر امریکی وزیر خارجہ امن مشن پر مقبوضہ بیت المقدس پہنچ گئیں۔لیکن یہاں آتے ہی انہوں نے سب سے پہلے اسرائیل کی کھلی حمایت کا اعلان کیا۔اسرائیلی وزیر اعظم کے ساتھ پریس کانفرنس میں ہیلری کلنٹن کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق ہے۔ امریکا اسرائیل کی سلامتی کو مقدم سمجھتا ہے۔ ہیلری کلنٹن نے یہ اشارہ بھی دیا کہ جنگ بندی اس وقت تک نہیں ہوگی جب تک وہ مغربی کنارے میں فلسطینی صدر اور قاہرہ میں مصری صدر سے ملاقات نہیں کرلیتیں۔امریکی وزیر خارجہ کے برعکس ترک وزیر اعظم رجب طیب اردگان کا کہنا ہے کہ فضائی حملوں کو دفاع نہیں کہا جاسکتا۔