تازہ ترین سرخیاں
 کاروبار 
26 اگست 2015
وقت اشاعت: 1:15

ود ہولڈنگ ٹیکس کے خلاف کئی شہروں میں تاجروں کی ہڑتال

جیو نیوز - کراچی........ودھ ہولڈنگ ٹیکس کے خلاف آج تاجر برادری نے ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان کر رکھا تھا۔ اس اعلان پر لاہور سمیت کئی ایک شہروں میں مکمل ہڑتال دیکھنے میں آئی لیکن کراچی سمیت بیشتر شہروں میں ہڑتال کرنے والے دو دھڑوں میں تقسیم نظر آئے، کسی نے آج ہڑتال کی تو کسی نے نہیں کی۔ حکومت نے نئے مالی سال 2015ء اور 2016ءکے بجٹ میں اعلان کیا کہ وہ تمام افراد جو اپنے ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کروائیں گے، ان کی 50ہزار روپے سے زائد کی ہر بینک ٹرانزکشن پر اعشاریہ چھ فیصد رقم کاٹ لی جائے گی، یہ فیصلہ صرف تاجر برادری کے لیے نہیں تھا بلکہ ہر ایک کے لیے تھا، لیکن اس فیصلے پر ملک بھر میں تاجروں کا شدید ردعمل دیکھنے میں آیا۔ اس فیصلے کے مطابق ایک لاکھ روپے پر چھ سو روپے کٹنے تھے، لیکن تاجروں کے احتجاج اور حکومت سے مذاکرات کے بعد حکومت نے یہ شرح آدھی کرکے اعشاریہ تین فیصد کردی، یعنی ٹیکس گوشوارے جمع نہ کروانے پر پچاس ہزار روپے کی بینک ٹرانزکشن پر آپ کے ڈیڑھ سو روپے کٹنا ہیں، لیکن تاجر برادری اسے بھی قبول کرنے کو تیار نہیں، تاہم اس فیصلے پر اب تاجر برادری دو دھڑوں میں تقسیم ہوگئی ہے، ایک دھڑے نے آج ہڑتال کی۔ مختلف شہروں میں ہڑتالوں کا جائزہ لیں تو کراچی میں تاجربرادری نے آج آدھے دن کی ہڑتال کی اور 5اگست کو بھی ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ آج کراچی میں بیشتر مارکیٹیں کھلی رہیں جبکہ بند کی گئی مارکیٹوں میں دو بجے کےبعد کام شروع کردیا گیا تھا۔ اسلام آباد میں بھی ہڑتال کی اپیل پر تاجروں کا ملا جلا ردعمل آیا۔ دکانیں کھلی رکھنے والے تاجروں نے ہڑتال کا فیصلہ رد کردیا۔ فیصل آباد میں نامعلوم افراد نے دکانداوں سے زبردستی کاروبار بند کرانے کی کوشش کی تو اس پر جھڑپ ہوگئی۔ ہاتھا پائی بھی ہوئی اور ڈنڈوں کا بھی آزادانہ استعمال ہوا، تاہم بعد میں صورتحال پر قابو پالیا گیا۔ لاہور میں مجموعی طورپر مکمل ہڑتال نظر آئی، اس کےساتھ فیصل آباد، سرگودھا،میانوالی،میاں چنوں،وہاڑی نواب شاہ اورسانگھرسمیت متعدد علاقوں میں ہڑتال دیکھی گئی۔ خیبر پختونخوا میں بھی پشاور، نوشہرہ، ڈیرہ اسماعیل خان اور ہنگو میں مکمل ہڑتال دیکھی گئی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.