تازہ ترین سرخیاں
 دلچسپ خبریں 
28 جولائی 2013
وقت اشاعت: 12:53

پیدائشی طور پر ہاتھ اور ایک پاؤں سے محروم بیورو کریٹ

پشاور…عقل بادشاہ خٹک ایک ایسے بیورو کریٹ ہیں جوپیدائشی طور پر دونوں ہاتھ اور ایک پاؤں سے محروم ہیں لیکن انہوں نے بچپن ہی میں تعلیم کو اپنی معذوری کا سہارا بنا لیا اور اب انکا شمار خیبر پختون خواہ کے قابل ترین افسروں میں ہوتا ہے۔عقل بادشاہ خٹک ضلع کوہاٹ کے دور افتادہ گاوٴں تخت میں 1958 میں پیدا ہوئے۔ پیدائشی طور پر دونوں ہاتھوں اورایک پاوٴں سے معذوری کے باوجود والدین نے انکی تعلیم پر بھرپور توجہ دی اور اساتذہ کی محنت اور علم کی محبت انکی معذوری پر غالب آگئی پھر انہوں نے خود کو کبھی ادھورا نہیں سمجھا اور ہر ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔ عقل بادشاہ نے بتایا کہ چاروں زبانوں میں بچپن سے میری تحریر اتنی خوبصورت ہے میں جتنا تیز لکھتا جاتا ہوں اتنی اس میں خوبصورتی بنتی جاتی ہے،لوگ ایک ہاتھ سے کاغذ پکڑتے ہیں ،میں دونوں ہاتھوں سے لکھتا ہوں، ہاتھ کا ایک حصہ کاغذ کو تھامتا ہے اور میں لکھتا جاتا ہوں اس پر اگر لائن نہیں بھی ہے تو کہیں یہ شبہ تک نہیں ہوتا کہ میری لکھائی اوپرنیچے آرہی ہے۔عقل بادشاہ نے تمام امتحانات امتیازی حیثیت سے پاس کئے اورصوبے کے تمام اضلاع میں اہم پوسٹوں پرکام کر کے نام کمایا۔ تعلیم نے اتنا اعتماد بخشاکہ معذوری کے باوجود انہوں نے میٹرک میں ہی خود کو ڈپٹی کمشنر لکھنا شروع کر دیاتھا۔۔ انکا یہ خواب2012 میں اس وقت پورا ہوا جب انہیں ڈپٹی کمشنر کوہستان تعینات کیا گیا۔عقل بادشاہ کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر کے الفاظ ہم بڑوں سے سنتے تھے ایک لفظ ہوتا تھا اس کے پیچھے ایک قوت ہوتی تھی۔ سب لوگوں کے ذہن میں ہوتا کہ ڈپٹی کمشنر بڑ آدمی ہوتا ہے، مجھے یاد ہے کہ اس ٹائم ٹیبل پر میں نے لکھا کہ سگنیچرآف ڈپٹی کمشنر کوہاٹ اور اس کے نیچے میں نے دستخط کر دیئے تھے۔عقل بادشاہ کے ہم عصر بیوروکریٹس کا کہنا ہے کہ اپنے نام کی طرح عقل بادشاہ میں عقل و دانش کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی ہے اور ہاتھ پاوٴں کے بدلے اللہ نے انہیں علم،عزت اور شہرت کا خزانہ عطا کر دیا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.