29 جولائی 2013
وقت اشاعت: 10:23
ٹیکساس میں دو سَروں والے کچھوے کا فیس بُک پر پیج بنادیا گیا
آسٹن…این جی ٹی…امریکی ریاست ٹیکساس کے چڑیا گھر میں گزشتہ ماہ پیدا ہونے والا دوسَرں والا کچھوا اپنی انفرادیت کے باعث مقبولیت حاصل کر رہا ہے۔ چڑیا گھر کی انتظامیہ نے اس کچھوے کی بڑھتی شہرت کو دیکھتے ہوئے اس کا سماجی تعلقات کی ویب سائٹ فیس بک پر باقاعدہ طور پر ایک پیج بھی بنادیا ہے جس کے ذریعے دنیا بھر میں موجود اس کے مداح اس کے بارے میں معلومات، ویڈیو اور تصاویر حاصل کر سکتے ہیں۔ سین اینٹونیو نامی چڑیا گھرکے فریڈرک ایکوریم میں موجود اس کچھوے کے ناصرف دوسر ہیں بلکہ دودل بھی ہیں۔ غیرمعمولی طور پر دو َسروں کا حامل یہ کچھوا مکمل صحتمند ہونے کے ساتھ ساتھ چلنے و تیرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جس کا نام 1991ء کی آسکر ایوارڈ یافتہ فلم پر ”تھیلما اور لوئیس“ رکھا گیا ہے۔