30 جولائی 2013
وقت اشاعت: 12:7
برطانیہ:پہلا باتیں کرنے والا ٹیڈی بےئر ڈیزائن کرلیاگیا
لندن…این جی ٹی…اب ٹیڈی بےئرز بھی بچوں سے باتیں کرتے نظر آئیں گے۔ جی ہاں بالکل ٹھیک سنا آپ نے، برطانوی موٴجد نے دنیا کا سب سے پہلا باتیں کرنے والا ٹیڈی بےئر ڈیزائن کرلیا ہے۔ سپر ٹوائے ٹیڈی نامی یہ کھلونا روبوٹ وائی فائی سسٹم سے لیس ہے جس میں مصنوعی ذہانت، اسمارٹ فون ایپلی کیشن سمیت ہزاروں سوالات کے ممکنہ جوابات ریکارڈ کردیے گئے ہیں۔ 30ہزار پاؤنڈ مالیت کا یہ سپر ٹوائے ٹیڈی پراجیکٹ کا بےئر 8سے 80سالہ کے بچوں اور افراد سے بات چیت کی صلاحیت رکھتا ہے اور بات کرنے والے افراد کے خیالات کو سمجھتے ہوئے اپنے نظام اور جوابات میں تبدیلی لانے کی قابلیت سے بھی لیس ہے۔ مخملی کوٹ پہنے ٹیڈی بےئر کے پچھلے حصے میں ہیڈ فون جیک کے ساتھ مائیک اور اسپیکر موجود ہے جس کے تحت یہ لوگوں کی باتیں سننے کے بعد اپنے خودمختار نظام کی مدد سے ہونٹوں سے الفاظ کی ادائیگی اور جذبات کا اظہار کرتا نظر آتا ہے۔ اپنی نوعیت کے اس دلچسپ ٹاکنگ ٹیڈی بےئر کے ابتدائی 300ماڈلز باقاعدہ سیریل نمبر اور سپرٹوائے کاسٹیوم کے ساتھ 99ڈالر جبکہ باقاعدہ مارکیٹ میں آنے والے ماڈلز 59ڈالر میں فروخت کیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ فی الحال اس ٹیڈی بےئر کے پیداواری عمل کے لیے فنڈز اکٹھے کیے جارہے ہیں جس کے بعد اسے باقاعدہ طور پر مارکیٹ میں متعارف کروادیا جائے گا۔